حکمران ڈکٹیٹر شپ کی پیداوار ہیں انہیں جمہوریت کی سمجھ نہیں عمران خان

پی آئی اے ملازمین کے خدشات دور کرنے کے بجائے مظاہرین کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کی جارہی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک February 03, 2016
پی آئی اے ملازمین کے خدشات دور کرنے کے بجائے مظاہرین کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کی جارہی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی۔ فوٹو:فائل

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمران ڈکٹیٹر شپ کی پیداوار ہیں اس لئے انہیں جمہوریت کی سمجھ نہیں۔

پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پی آئی اے ملازمین پر گولی چلانا ظلم کی انتہا ہے، مشرف اور ضیا دور حکومت میں بھی اتنا ظلم نہیں تھا جتنا آج ہورہا ہے اورملک میں جتنی بے روزگاری آج ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی، موجودہ حکمران ڈکٹیٹرشپ کی پیداوار ہیں اس لئے انہیں جمہوریت کی بالکل بھی سمجھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے پی آئی اے کے ملازمین کو خدشات ہیں کہ وہ بے روزگار ہوجائیں گے، خدشات دور کرنے کے بجائے مظاہرین کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، 6 فروری کو کراچی اور اسلام آباد کے احتجاج میں خود شرکت کروں گا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کی نجکاری نہیں کرر ہے بلکہ اس کے سسٹم میں تبدیلی لارہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے اور لیڈی ریڈنگ اسپتال میں پرائیوٹ اسپتالوں جیسی سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے10سال میں خیبرپختونخوا خصوصاً پشاور دہشت گردی سے متاثر ہوا ہے لیکن آج خیبرپختونخوا میں تبدیلی آچکی ہے، لوگ پشاور چھوڑ کر اسلام اور دیگر شہروں میں چلے گئے ہیں لیکن جو پشاور چھوڑ کرگئے انھیں واپس لائیں گے، عوام کو تفریح فراہم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں اورتفریح کےلیے پشاور میں سینما ہاؤس بنائیں گے۔



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔