دبئی میں پاکستان سپرلیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

ایونٹ کا باقاعدہ آغازکل اسلام آباد یونائیٹیڈ اورکوئٹہ گلیڈئیٹرکے درمیان میچ سے ہوگا


ویب ڈیسک February 03, 2016
ایونٹ کا باقاعدہ آغازکل اسلام آباد یونائیٹیڈ اورکوئٹہ گلیڈئیٹرکے میچ سے ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے محدود اوور کے ایونٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹرافی کی دبئی میں تقریب رونمائی کردی گئی جب کہ ایونٹ کا باقاعدہ آغاز کل اسلام آباد یونائیٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈیئٹر کے درمیان میچ سے ہوگا۔

پاکستان سپرلیگ میں شامل پانچ ٹیموں کو اسلام آباد یونائیٹیڈ،کراچی کینگز،لاہورقلندرز،کوئٹہ گلیڈئیٹراورپشاورزلمے کا نام دیا گیا ہے۔ دبئی میں تقریب کے دوران چار ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق ہوٹل سے اسٹیڈیم آتے ہوئے ٹریفک جام میں پھنس گئے جس کے باعث وہ تقریب رونمائی میں نہ پہنچ سکے اوران کی نمائندگی وسیم اکرم نے کی۔ کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک، لاہور قلندرز کے کپتان اظہرعلی، پشاور زلمے کے کپتان شاہد آفریدی اور کوئٹہ گلیڈیئٹر کے قائد سرفراز احمد نے ٹرافی کی رونمائی کی۔

تقریب کے موقع پراسلام آباد کی نمائندگی کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی ایسا ٹورنامنٹ نہیں کرایاگیا، پاکستان سپر لیگ کے 20 دن بہت اچھے ہوں گے اور اس دوران انٹرٹینمنٹ اوراچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ پشاور زلمے کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کرانے کا مقصد ہے کہ نیا ٹیلنٹ سامنے آئے، شعیب ملک نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائدہ پاکستان اور پاکستان کی کرکٹ کو ہوگا، سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کریں اوراظہرعلی نے کہا کہ پی ایس ایل سے اچھی کرکٹ اور ٹیلنٹ ملے گا۔



دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کل اسلام آباد یونائیٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈئیٹرکے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا اور دونوں ٹیمیں جیت کے لئے پرعزم ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹیڈ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کل اپنے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ سے 11 کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے جب کہ اسکواڈ میں شین واٹسن، انڈریو رسل، سیموئل بدری، محمد عرفان، بریڈ ہیڈن، شرجیل خان، محمد سمیع،خالد لطیف، بابراعظم، عمران خالد، کامران غلام، عمرامین، سیم بلنگ، اشعرزیدی، سعید اجمل، حسین طلعت، عمرصدیق، رومان رئیس اورعماد بٹ شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیئڈیئٹرکی جانب سے قیادت کے فرائض سرفرازاحمد انجام دیں گے جب کہ انہیں کیون پیٹرسن، احمد شہزاد، انورعلی، جیسن ہولڈر،لیوک رائٹ، ذوالفقاربابر،عمرگل،ایلٹن چکمبورا، بلال آصف، اسد شفیق، محمد نواز، سعد نسیم، محمد نبی، کمار سنگاکارا، اعزازچیمہ، رمیز راجا جونیئر،اکبرالرحمان اور بسمہ اللہ خان کی خدمات حاصل ہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں