دبئی کے حکمران کا وزیر کی اسامی کے لیے ٹوئٹر پر اعلان

شیخ محمد بن راشد کی جانب سے وزیر کے لیے یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کے انتخاب کا اعلان کیا گیا ہے۔


ویب ڈیسک February 03, 2016
شیخ محمد بن راشد کی جانب سے وزیر کے لیے یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کے انتخاب کا اعلان کیا گیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

متحدہ عرب امارت کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی جانب سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ وزیر کی اسامی کا اشہتار جاری کیا گیا ہے جس میں یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کے انتخاب کو ترجیح دی گئی ہے۔

شیخ محمد بن راشد نے ٹوئٹر پیغام میں ریاست کی تمام جامعات سے کہا ہے کہ وہ اپنی جامعہ سے 3 طلبا اور 3 طالبات کو نامزد کریں تاکہ وہ ان میں سے کسی ایک کو بطور وزیر منتخب کرلیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے شرط رکھی ہے کہ نامزد طلبا و طالبات کے لیے ضروری ہے کہ وہ گزشتہ 2 سالوں کے دوران جامعہ سے فارغ التحصیل ہوئے ہوں یا پھر جامعہ میں آخری سال میں زیر تعلیم ہوں۔

شیخ محمد نے اپنے ٹوئیٹ اکاؤنٹ پر عربی اور انگریزی میں یہ چیلنج طلبا و طالبات کو دیا ہے اور کہا ہے کہ جو باصلاحیت ہوگا وہی وزیر بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ 25 برس سے کم عمر کوئی نوجوان مرد یا خاتون کا چناؤ کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ نوجوانوں کے امور کی نمائندگی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی کابینہ میں بطور وزیر اپنے فرائض سرانجام دے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عرب معاشروں میں نوجوانوں کی نمائندگی 50 فی صد ہے لہٰذا ان پر اور ان کے مسائل پر توجہ بھی اسی شرح سے ہونی چاہیے۔

شیخ محمد نے نوجوانوں کو ریاست کا اہم ترین ستون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نوجوانوں کی ریاست ہے اور ان ہی کی وجہ سے عالمی سطح پر پہلی پوزیشنوں تک پہنچی، نوجوان ریاست کی طاقت اور تیز رفتار ترقی کا راز ہیں اور وہ ایسا خزانہ ہیں جن کو آنے والے دنوں کے لیے جمع کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔