خوب صورت لڑکیوں سے بات کرنے کے بہانے تلاش کرتا ہوں گورو چوپڑا

شادی کے لیے کسی کا انتخاب کرنا ایک مشکل مرحلہ ہے اور خاصا وقت طلب ہے۔ ابھی میں اس جھنجھٹ میں نہیں پڑنا چاہتا.

گورو چوپڑا نے ’’کرما‘‘ کے ایک کردار سے اپنی شہرت کا سفر شروع کیا۔ فوٹو : فائل

وہ رومان پرور نہیں بلکہ اسے دل لگی کرنے کا شوق ہے۔ تاہم وہ اپنے بارے میں اس تأثر کی نفی کرتا ہے۔

چند ماہ قبل اسے ٹیلی وُڈ کی اداکارہ نریانی شاستری اور مونی رائے کے ساتھ دیکھا گیا، تو شوبزنس کے حلقوں میں اسے خوب اچھالا گیا، لیکن یہ پہلا موقع تو نہیں تھا، وہ اس سے پہلے بھی کئی ایکٹریسز کو سہانے خواب دکھا کر اپنے راستے ہو لیا تھا۔ گورو چوپڑا کا معاملہ عجیب ہے۔ وہ چھوٹی اسکرین کی معروف ایکٹریسز کے علاوہ وہ عام لڑکیوں سے بھی دوستی اور محبت کر چکا ہے، لیکن کسی سے شادی نہیں کی۔ ٹیلی ویژن کے اس باکمال اداکار سے اس کی ''پریم کہانی'' اور ''تنہائی'' کی بابت پچھلے دنوں ہم نے بات کی، جس کا خلاصہ آپ کی دل چسپی کے لیے پیش ہے۔

اس بارے میں تفصیل سے پہلے اداکار کے ٹیلی ورلڈ میں سفر کی مختصر کہانی پڑھ لیجیے۔ گورو چوپڑا نے ٹیلی ویژن چینل اسٹار پلس کے شو ''کرما'' کا ایک کردار نبھا کر اپنی شہرت کا سفر شروع کیا۔ وہ اپنی عمدہ اور پرتأثر اداکاری کی وجہ سے ناقدین کی نظروں میں آیا اور پھر بہ طور ڈانسر ''ذرا نچ کے دکھا'' میں اس نے اپنی پرفارمینس سے ناظرین کے دل جیت لیے۔ وہ مشہور ڈراما سیریل ''اترن'' میں ایک کردار کے لیے منتخب کر لیا گیا اور پھر اسے ہالی وڈ کی فلم ''بلڈ ڈائمنڈ'' میں کیریکٹر مل گیا۔ یہ ایک بڑی کام یابی تھی۔ مہمان اداکار کے طور پر ''وہ دل کیا چاہتا ہے، پیا کا گھر، لیفٹ رائٹ لیفٹ، سی آئی ڈی، عدالت' وغیرہ میں بھی کام کر چکا ہے۔


وجہیہ صورت، خوش مزاج اور اپنی میٹھی میٹھی باتوں سے دوسروں کا دل جیت لینے والا یہ فن کار عرصے سے عشق لڑا رہا ہے، لیکن کبھی اسے انجام تک نہیں پہنچایا۔ یعنی شادی جیسے تعلق کی زنجیر اپنے پیروں میں نہیں ڈالی۔ اس کی وجہ پوچھنے پر اس نے کہا، ''کسی کے ساتھ چند ماہ کا تعلق اس قدر پائیدار نہیں ہوتا کہ آپ اسے اپنی زندگی کا ساتھی بنالیں۔ یہ میرا خیال ہے۔ میں نے کبھی کسی کی جانب پیش رفت نہیں کی۔ شادی کے لیے کسی کا انتخاب کرنا ایک مشکل مرحلہ ہے اور خاصا وقت طلب ہے۔ ابھی میں اس جھنجھٹ میں نہیں پڑنا چاہتا۔''

اگلا سوال یہ تھا کہ آپ کب تک شادی کرلیںگے، مگر وہ اسے خوب صورتی سے ٹال گیا۔ اس نے کہا، ''یہ ایک قسم کا سمجھوتا ہے، یہ صرف دو افراد کا نہیں، بلکہ ایک ایسا تعلق ہے، جس کا اثر دو خاندانوں پر پڑتا ہے۔ اگر کوئی اسے نبھانے کی پوزیشن میں ہے، تو اسے ضرور شادی کرنا چاہیے۔'' یہ اس اداکار کے حُسنِ کلام کا ثبوت ہے۔ اس نے سیدھے سوال کا جواب نہایت خوبی سے دیا اور اس پورے جواب میں اپنا آپ 'گول' کر گیا۔ مسٹر گورو چوپڑا کیسا لائف پارٹنر چاہتے ہیں، اس بارے میں دریافت کرنے پر معلوم ہوا، ''وہ میرا ہم پلہ ہو۔

اسے اپنے رشتے اور تعلق کی نزاکت کا مکمل ادراک ہونا چاہیے۔ میں ایسی بیوی چاہتا ہوں، جو شوہر کی عزت اور قدر کرنا جانتی ہو، جواب میں اسے بھی محبت اور عزت ملے گی۔ اس کے سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ میری پیشہ ورانہ مصروفیات کو سمجھتی ہو۔ اسے شوبزنس کے ایک فن کار کی حیثیت سے میری مصروفیات اور انڈسٹری میں میرے تعلقات کی اہمیت کو سمجھنا ہو گا۔ اس طرح نہ صرف میں گھر کی طرف سے مطمئن رہوں گا بلکہ وہ بھی خوش رہے گی۔''
Load Next Story