پی آئی اے ملازمین کا احتجاج محکمہ ڈاک کولاکھوں کاخسارہ

 ترسیل میں تاخیرسے جی پی اوزمیں ڈاک کی بوریوں کے انبار،عوام کوشدیدمشکلات کا سامنا

محکمہ ریلوے سے رابطہ کرلیا، ایک  2روز میں مسئلہ حل ہوجائے گا، ڈی جی ڈاک شہریارفقیر فوٹو: فائل

قومی ایئرلائن (پی آئی اے )کے ملازمین کے احتجاج کے باعث محکمہ ڈاک2روزمیں لاکھوںروپے کے خسارے کاشکارہوگیا، عوام نے مختلف جی پی اوزسے اپنی ڈاک کی بکنگ منسوخ کرادی اورنجی کوریئرسروس سے بھیجناشروع کردی۔


گزشتہ 2 روزسے جاری قومی ایئرلائن کے ملازمین کے احتجاج کے باعث انٹرنیشنل میل سروس سمیت ڈومیسٹک فلائٹس سے بھیجی جانے والی ڈاک مطلوبہ شہروں اورممالک تک نہیں پہنچ پارہی،کراچی سمیت سندھ بھرکے جی پی اوز میں ڈاک کی بوریوںکے انبارلگ گئے ہیں، محکمے کے ملازمین نے اعلیٰ افسران سے فوری اقدامات کے لیے درخواست کردی ہے، ڈاک مقررہ وقت پرنہ پہنچنے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامناہے، محکمے کے اعلیٰ افسران ڈاک کومتعلقہ مقامات تک پہنچانے کیلیے محکمہ ریلوے کا سہارالینے پرمجبورہوگئے۔

ڈومیسٹک ڈاک گزشتہ روزریلوے کے ذریعے بھیج دی گئی جو آئندہ ایک سے 2روزمیںملک کے مختلف مقامات تک پہنچ جائے گی جبکہ بیرون ممالک بھیجی جانے والی ڈاک نجی ایئرلائن کے ذریعے بھیجنے پرغورکیاجارہا ہے۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ڈائریکٹرجنرل محکمہ ڈاک سیدشہریارالدین فقیرنے ایکسپریس کوبتایاکہ ہمیں اس بات کادکھ ہے کہ عوام کی ڈاک مقررہ وقت پرنہیں پہنچ سکی مگرہم نے ڈاک کی ترسیل کے لیے محکمہ ریلوے سے رابطہ کیاہے، ایک سے 2 روز میں یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔
Load Next Story