پی آئی اے ملازمین کا مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

آرمی چیف اور کور کمانڈر کراچی نے پی آئی اے ملازمین کی ہلاکت کے واقعہ کی شفاف تحقیقات کا یقین دلایا ہے، سہیل بلوچ


ویب ڈیسک February 04, 2016
ہمیں مذاکرات دینے کی خبریں بے بنیاد ہیں، ساتھی افواہوں پر کان نہ دھریں، چیرمین پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی۔ فوٹو؛ فائل

HARIPUR: پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیرمین کیپٹن سہیل بلوچ کا کہنا ہے کہ ڈرامے دھمکانے کے حربوں سے حکومت ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتی، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق کیپٹن سہیل بلوچ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور کور کمانڈر کراچی نے پی آئی اے ملازمین کی ہلاکت کے واقعہ کی شفاف تحقیقات کا یقین دلایا ہے جب کہ رینجرز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہمارے لاپتہ ساتھی ان کے پاس نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مذاکرات دینے کی خبریں بے بنیاد ہیں، ساتھی افواہوں پر کان نہ دھریں، قیادت تمام حقائق سے آپ کو آگاہ رکھے گی۔



کیپٹن سہیل بلوچ کا کہنا تھا کہ ڈرامے دھمکانے کے حربوں سے حکومت ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتی، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی، اگر ہمیں گرفتار کرنا ہے تو ہم یہاں بیٹھے ہیں آ کر گرفتار کر لیں۔





دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ملازمین کی جانب سے ادارے کی نجکاری کے خلاف احتجاج 12 ویں روز میں داخل ہو چکا ہے جب کہ مسلسل تیسرے روز فلائٹ آپریشن بند ہونے سے اب تک 100 سے زائد اندرون اور بیرون ملک پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔



ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند جب کہ دفاتر میں تالے لگے ہوئے ہیں، جناح ٹرمینل سے اسلام آباد، لاہور، گوادر، سکھر اور پشاور کی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ کراچی سے لندن، کھٹمنڈو، ڈھاکا اور نئی دہلی کی فلائٹس بھی روک دی گئی ہیں۔ فلائٹ آپریشن بند ہونے کے باعث پی آئی اے کے سیکڑون ملازمین اور مسافر دنیا بھر کے مختلف ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔ کراچی میں قومی ایئر لائن کے ہیڈ آفس کے سامنے پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ادارے کی نجکاری کے خلاف احتجاج جاری ہے جس میں ملازمین کی بڑی تعداد موجود ہے۔



لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پربھی پی ائی اے کا فضائی آپریشن مکمل طور پر معطل ہے اور ایئرپورٹ سے قومی و بین الاقوامی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ لاہور سے دوحا، ریاض، دبئی، لندن، مسقط، مدینہ، ابوظہبی، بحرین، ٹوکیو، دمام، کویت اور جدہ جانے والی پروازیں منسوح کردی گئی ہیں، اس کے علاوہ کراچی جانے والی 4، اسلام آباد کی 3 اور سکھر کی 1 پرواز بھی منسوح جب کہ اندرون و بیرون ملک سے لاہور آنے والی 20 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔



راولپنڈی کے بینظیر انٹرنیشل ایئرپورٹ سے بھی 30 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، کراچی سے آنے والی 4 جب کہ کراچی جانے والی 3 پروازوں کی آمد و روانگی غیر یقینی ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک کی 24 گھنٹے میں 20 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔



پشاور اور کوئٹہ کے ایئرپورٹس پر بھی فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل ہونے کی وجہ سے نجی ایئرلائن نے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے، پی آئی اے کی ہڑتال کے باعث ہزاروں مسافر متاثر ہو رہے ہیں جب کہ 10 روز میں قومی خزانے کو 3 ارب سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔