چوہدری نثار نے صرف ہمیں نہیں سب کو تنگ کررکھا ہے مشیر اطلاعات سندھ

پی آئی اے ، اسٹیل مل اور واپڈا قومی اثاثہ ہیں ان اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے،مشیراطلاعات سندھ


ویب ڈیسک February 04, 2016
پی آئی اے ، اسٹیل مل اور واپڈا قومی اثاثہ ہیں ان اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے،مشیراطلاعات سندھ۔ فوٹو : فائل

KOHAT: مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہاس وقت کچھ چہرے ایسے بھی ہیں جو وفاقی نہیں ہیں جب کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار نے صرف ہمیں نہیں سب کو تنگ کررکھا ہے لہٰذا اب وفاق کے پتے بکھر چکے ہیں اور وزرا وزیراعظم کے کنٹرول سے بھی باہرہوگئے ہیں۔

حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کے ملازمین پر بیہمانہ تشدد پردلی افسوس ہے لیکن اس واقعے سے سندھ حکومت کا کوئی تعلق نہیں اس کی پوری ذمہ داری وفاق پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے حقائق اور ذمہ داروں کو چھپانے کےلئے حکومت کے وہ رہنما تبصرے کررہے ہیں جو گزشتہ ادوار میں جنرل مشرف کے ساتھی تھے، قومی ایئر لائن کے ملازمین کے احتجاج پر کس نجی ایئرلائن کو فائدہ پہنچ رہا ہے اس کے بارے میں پورا پاکستان جانتا ہے، پی آئی اے ، اسٹیل مل اور واپڈا قومی اثاثہ ہیں ان اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔

مشیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کرپشن کے حوالے سے ہاں یا نہ میں جواب نہیں دیا جاسکتا، اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ہم سے بھی غلطیاں ہورہی ہیں لیکن کرپشن کے حوالے سے صرف سندھ کا ذکر کرنا ناانصافی ہے، جو ادارے کرپشن کم کرنے کی پیش گوئی کرتے ہیں وہ وہ بتائیں کہ انہیں کیسے علم ہوتا ہے کہ کرپشن کہاں اور کیسے ہورہی ہے، نیب نے اربوں روپے کی وصولی کا دعویٰ کیا تھا لیکن وہ رقم کہاں گئی اس کی تحقیقات بھی لازمی ہونی چاہئے۔ مولابخش چانڈیو کا کہنا تھاکہ اس وقت کچھ چہرے ایسے بھی ہیں جو وفاقی نہیں ہیں، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے صرف ہمیں نہیں سب کو تنگ کررکھا ہے، اب وفاق کے پتے بکھر چکے ہیں، وزرا وزیراعظم کے کنٹرول سے بھی باہرہوگئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ ملکی مفاد میں ہے لیکن اگر وزیراعظم اس منصوبے پر واقعی سنجیدہ ہیں تو چاروں صوبائی حکومتوں کو بٹھا کران کے تحفظات دور کریں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں