ملکی سلامتی کے لیے پاک فوج اور خفیہ ایجنسیوں کا اہم کردار ہے وزیراعظم

آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں سیکیورٹی سےمتعلق اجلاس میں وزیراعظم نے خفیہ ایجنسیوں کی کارکردگی کو سراہا، ترجمان پاک فوج

آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں سیکیورٹی سےمتعلق اجلاس میں وزیراعظم نے خفیہ ایجنسیوں کی کارکردگی کو سراہا، ترجمان پاک فوج، فوٹو؛فائل

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے لیے پاک فوج اور خفیہ ایجنسیوں کا اہم کردار ہے اور ان کی مدد سے ہم دشمن کو شکست دے کر ملک کو محفوظ بنائیں گے۔



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سمیت دیگر حکام شریک تھے۔



ترجمان پاک فوج کے مطابق اجلاس کے شرکا کو ملک کو درپیش اندرونی وبیرونی خطرات، دہشت گردوں کے نیٹ ورکس اور ان کے روابط پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ اس دوران پاک افغان سرحدی امور سے متعلق پیشرفت پر بھی بات چیت ہوئی۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں پاکستان مخالف غیرملکی خفیہ ایجنسیوں کے اتحاد، اُن کے معاونین کے معاملات پر بات چیت کی گئی جب کہ ملک کی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سول وعسکری قیادت نے آپریشن ضرب عضب کے ٹھوس اثرات کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔



ترجمان پاک فوج کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے کامیاب آپریشن اور قیام امن میں فوج اور دیگراداروں کے کردارکو سراہا اور فرائض کی انجام دیہی کے دوران جانوں کی قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا جب کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دیرپا اور پائیدارامن کے لیے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں مستحکم اور ملک بھرمیں خفیہ آپریشن جاری رکھنے پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو بیرونی ملک سے فنڈنگ ہوئی اور اندرون ملک سے سہولت فراہم کی گئی۔



آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی کے لیے پاک فوج اور خفیہ ایجنسیوں کا اہم کردار ہے، قوم کو کامیابیوں کے باعث انٹیلی جنس ایجنسیوں پر فخر ہے، حکومت، قوم فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ کھڑی ہے جب کہ ہم مل کر دشمن کو شکست دے کر ملک کو محفوظ بنائیں گے۔








دوسری جانب پاک کے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پبی کے نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم ٹریننگ سینٹر میں پاکستان، سری لنکا اور مالدیپ کی مشترکہ فوجی مشقوں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی نظریہ ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی ملک اور مذہب نہیں۔ پاکستان ایک دہائی سے دہشت گردی کے مسئلے کا شکار ہے۔ اس جنگ میں عوام اور سیکیورٹی فورسز نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ قوم کے اتحاد اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحتیوں کے ذریعے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔



جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی شاندار کامیابیوں کے بعد کئی دوست ممالک نے بھی اپنے فوجیوں کی تربیت کی درخواست کی ہے۔ انسانیت کی بہتری کے لئے پاکستان اپنے تجربات سے دنیا کے تمام ممالک کو مستفید کرنے لئے ہر وقت تیار ہے ۔ یہ مشقیں خطے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے کارآمد ثابت ہوں گی اور سری لنکا اور مالدیپ سے تعلقات میں اضافے کا سبب بنیں گی۔



آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج سعودی عرب، بحرین، چین اور اردن کے ساتھ بھی مشقیں کرچکی ہے جب کہ ان مشقوں میں پاکستان سری لنکا اور مالدیپ ایگل ڈیش ون کے نام سے مصروف ہیں اور ایک ہفتے تک جاری رہنے والی مشقوں کا مقصد انسداد دہشت گردی کے تجربات کا تبادلہ ہے۔

Load Next Story