حقیقتیں
یمن کے حوثی باغیوں نے رمضان میں روسی توپیں نکالیں اور حرمین شریفین کی ملکیت کا دعویٰ کر دیا
www.facebook.com/javed.chaudhry
اپروچ
یمن کے حوثی باغیوں نے رمضان میں روسی توپیں نکالیں اور حرمین شریفین کی ملکیت کا دعویٰ کر دیا' سعودی عرب کے بادشاہوں نے ربیع الاول کے مہینے میں امریکی طیاروں کو کعبے کی حفاظت سونپ دی' یہ خبر روس اور امریکا پہنچی تو دونوں ملکوں کی اسلحہ ساز فیکٹریوں نے اپنے ملازمین کی کرسمس کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔
مسکراہٹ
وہ ایک ناکام ملازم' ناکام بزنس مین' ناکام خاوند' ناکام والد' ناکام ہمسایہ اور ناکام مبلغ تھا' اس نے ایک دن اللہ سے اپنی ناکامی کی وجہ پوچھی' جواب آیا ''بے وقوف تم جب تک مسکرانا نہیں سیکھو گے تمہارا خدا تم پر مہربان نہیں ہو گا''۔
ٹیکنالوجی
اہل جنت نے امریکی سے پوچھا ''کافر تم جنت میں کیا کر رہے ہو'' امریکی نے لیپ ٹاپ پر ہاتھ پھیر کر جواب دیا '' جنت کا ایئر کنڈیشن خراب ہو گیا تھا' مجھے یہ ٹھیک کرنے کے لیے دوزخ سے بلایا گیا ہے''۔ ایک لطیفہ!
تاوان
اس نے دوست سے کہا ''ہم مسجد کے قریب سے گزر رہے ہیں' خدا کے لیے مجھے شاہ جی نہ کہنا'' دوست نے کہا ''ہاں ٹھیک ہے لیکن سو روپے لگیں گے''۔ اس نے جیب میں ہاتھ ڈالا' سو روپے کا نوٹ نکالا اور فوراً اپنے عقیدے کا تاوان ادا کر دیا۔
مذہب
ایک نے دوسرے کو امام بارگاہ کے سامنے مار دیا' دوسرے نے پہلے کو مسجد کے سائے میں قتل کر دیا' تیسرے نے پہلے کو چرچ کے سامنے جلا دیا اور پہلے نے تیسرے کو بھٹے میں پھینک دیا' عدالت کسی کو سزا نہ دے سکی' کیوں؟ کیونکہ مذہب قانون اور انسانیت دونوں سے مضبوط تھا۔
مرغی
ہم میں سے ہر شخص شہادت کا درجہ چاہتا ہے لیکن مرنے کے لیے تیار نہیں' ہم میں سے ہر شخص پرہیز گاری کا درجہ چاہتا ہے لیکن عبادت کے لیے تیار نہیں' ہم میں سے ہر شخص امیر ہونا چاہتا ہے لیکن کام کے لیے تیار نہیں' ہم میں سے ہر شخص صحت مند ہونا چاہتا ہے لیکن مشقت کے لیے تیار نہیں اور ہم میں سے ہر شخص ملک کو امریکا بنانا چاہتا ہے لیکن ٹیکس دینے کے لیے تیار نہیں! کاش خواہشیں مرغی ہوتیں اور یہ مرغی روز سونے کا انڈہ دیتی۔
بندوبست
بوٹا مسیح نے اپنی بیوی سے کہا '' رمضان سے پہلے پہلے بیٹی کی شادی کر دیتے ہیں'' جیکولین نے پوچھا ''کیوں'' بوٹا مسیح نے جواب دیا ''ہم غریب ہیں' رمضان شروع ہو گیا تو مہنگائی ہو جائے گی' ہم بارات کے لیے کھانے پینے کا بندوبست نہیں کر سکیں گے''۔
معیشت
ڈاکو نے کیمسٹ کو قتل کر دیا' ڈاکو آپریشن کے دوران ڈاکٹر کے ہاتھوں مارا گیا' ڈاکٹر ٹرک ڈرائیور کی ڈرائیونگ کی نذر ہو گیا اور ڈرائیور کو ڈینگی ہو گیا' نرس نے ڈرائیور کے بیٹے کو دواؤں کا نسخہ پکڑا دیا اور بیٹا۔۔۔ پستول لے کر کیمسٹ کی دکان پر پہنچ گیا۔
قصور
نواز شریف جنرل پرویز مشرف سے پوچھتا رہا ''میرا کیا قصور تھا'' جنرل پرویز مشرف آج نواز شریف سے پوچھ رہا ہے ''میرا کیا قصور تھا'' عوام کبھی ایک کی طرف دیکھتے ہیں اور کبھی دوسرے کی طرف اور پھر خود سے پوچھتے ہیں '' ہمارا کیا قصور تھا''۔
مایوس
میں اس دن جسٹس سے مکمل مایوس ہو گیا جس دن میں نے چیف جسٹس کو جسٹس کے لیے ہجوم کی قیادت کرتے دیکھا۔
انصاف
دہلی کے سکھ نے مجھ سے شکوہ کیا ''تمہارے ملک میں اقلیتوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے'' میں نے قہقہہ لگا کر پوچھا '' سردار جی کیا ہمارے ملک میں اکثریت کے ساتھ انصاف ہو رہا ہے؟'' سکھ نے غور سے میری طرف دیکھا' مسکرایا اور کہا ''چلو اچھا ہے' ہم سکھ صرف ملک تلاش کر رہے ہیں' انصاف نہیں''۔
بھگوان
مسلمان صدر جنرل پرویز مشرف نے مسلمان چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو معزول کر دیا' مقدمہ سپریم کورٹ گیا تو اسلام کے نام پر بننے والے ملک کے بیس کروڑ مسلمان انصاف کے لیے ہندو جج رانا بھگوان داس کا انتظار کرنے لگے۔
جمہوریت
میں اس دن جمہوریت کے مستقبل سے بھی مایوس ہو گیا جس دن پرانے پاکستان کے منتخب نمایندوں نے نئے پاکستان کے نام پر اپنی پارلیمنٹ پر حملہ کر دیا۔
جانبداری
وہ جنرل پرویز مشرف کی پارٹی میں تھا تو اینکر جانبدار تھے' وہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوا تو بھی اینکر جانبدار تھے' وہ پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہوگیا تو بھی اینکر جانبدار تھے' وہ آج کل پاکستان تحریک انصاف میں ہے اور اسے ایک بار پھر اینکر جانبدار لگ رہے ہیں۔
چل دفع ہو جا
مسجد پر حملہ ہوا تو چاند مسیح نے چلانا شروع کر دیا ''میں عیسائی ہوں' میں عیسائی ہوں'' حملہ آور نے اس کی کنپٹی پر رائفل رکھی اور حکم دیا ''پڑھ کلمہ'' چاند مسیح کو واقعی کلمہ نہیں آتا تھا' حملہ آور نے اسے ٹھڈا مار کر کہا ''چل دفع ہو جا'' چاند مسیح بھاگ گیا اور حملہ آور گولیاں برساتا ہوا مسجد کے اندر داخل ہو گیا۔
خوف
اس نے آدھ گھنٹے میں تیس گاڑیاں لوٹ لیں' رینجرز کی جیپ آئی تو وہ بھاگ کھڑا ہوا' سپاہی نے گولی چلا دی' وہ گرا اور مر گیا' پولیس نے ڈاکو کی تلاشی لی تو پتہ چلا اس کے ہاتھ میں پستول نہیں تھا' اس نے رومال میں کیلا چھپا رکھا تھا۔
گستاخ
ننھا پیٹر قرآن مجید کا ترجمہ پڑھ رہا تھا' باپ ولیم مسیح نے دیکھا تو اس کا رنگ فق ہو گیا' اس نے بیٹے کے ہاتھ سے قرآن مجید چھینا' طاق میں رکھا' سامان باندھا اور سارا خاندان دوسرے شہر بھاگ گیا' ان کا خیال تھا' مسلمان دس سال کے پیٹر کی یہ گستاخی معاف نہیں کریں گے۔
کافر کون تھا؟
ایک صحابی کے ماننے والے نے دوسرے صحابی کے ماننے والے کو قتل کر دیا' دوسرے صحابی کے ماننے والوں نے پہلے صحابی کے ماننے والوں کو آگ لگا دی' دونوں مر گئے لیکن یہ فیصلہ نہ ہو سکا دونوں میں کافر کون تھا ؟۔
ایمان
میں طواف کے دوران اللہ سے دعا کر رہا تھا ''یا باری تعالیٰ ہم اہل ایمان کو کافروں کے شر سے بچا'' طواف ختم ہوا تو میں نے جیب میں ہاتھ ڈالا اور میری ہنسی نکل گئی' کسی اہل ایمان نے کعبے کے سامنے میری جیب کاٹ لی تھی۔
سرحد پار
ایک فرقے کا مسلمان' دوسرے فرقے کے مسلمان سے جان بچانے کے لیے بھاگا' دونوں بھاگتے بھاگتے سرحد پار کر گئے' سرحد پر کھڑے سپاہی نے دونوں کو دیکھا ''اوئے مسلو'' کا نعرہ لگایا اور گولی چلا دی' دونوں گرے' دونوں کے منہ سے لا الٰہ الا اللہ نکلا اور دونوں کی روح پرواز کر گئی۔
(نوٹ: میں عموماً چلتے پھرتے ایسی حقیقتیں لکھتا رہتا ہوں' میں یہ گاہے بگاہے آپ کی نذر کرتا رہوں گا)