سیمسٹر امتحان میں ناکام طلبا کیلیے اضافی امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ

جامعہ این ای ڈی میں موجودہ شیخ الجامعہ کی زیرصدارت آخری سینیٹ اجلاس میں منظوری دی گئی

جامعہ این ای ڈی میں موجودہ شیخ الجامعہ کی زیرصدارت آخری سینیٹ اجلاس میں منظوری دی گئی, فوٹو فائل

این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے سیمسٹر امتحانات میں فیل ہونے والے یا امتحان میں شرکت نہ کرنے والے طلبا کیلیے اضافی کلاسز اور امتحانات کے انعقاد کافیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ طلبا کا قیمتی تعلیمی سال بچانے کے لیے کیا گیا ہے جسے ''سمرسیشن اور ونٹرسیشن'' کا نام دیا گیا ہے، این ای ڈی یونیورسٹی کی سینیٹ نے بدھ کواپنے منعقدہ اجلاس میں اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔


سینیٹ کااجلاس یونیورسٹی کے وائس چانسلرانجینئر اے کلام کی زیرصدارت منعقدہوا،یہ اجلاس وائس چانسلرکے رواں مدت ملازمت کاآخری اجلاس تھا، اجلاس کے بعد اخبار نویسوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے یونیورسٹی کے رجسٹرار انجینئر جاوید عزیز خان نے بتایاکہ اجلاس میں فیل شدہ اورامتحانات میں شریک نہ ہو نے والے طلبا کو مزید مواقع دینے کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت تعلیمی سال کے پہلے اور دوسرے سیمسٹر میں فیل ہونے والے یا کسی وجہ سے امتحان میں شریک نہ ہونے والے طلبا کو متعلقہ پرچے دینے کیلیے ایک سال تک انتظار نہیں کرنا ہو گا بلکہ یونیورسٹی انتظامیہ اس سلسلے میں سیمسٹر ختم ہوتے ہی خصوصی کلاسز اوربعد ازاں امتحانات کروائے گی اورکلاسز میں سیمسٹر کے کریڈٹ آورز پورے کیے جائیں گے،

اساتذہ کواضافی کلاسز لینے کیلیے یونیورسٹی اضافی معاوضہ بھی دیگی، انھوں نے بتایا کہ اجلاس میں بورڈ آف اسٹڈیز پر عائد یہ پابندی بھی ختم کردی گئی کہ دوسرے تعلیمی اداروںکے صرف لیکچرر اور اسسٹنٹ پروفیسرز ہی بورڈ آف اسٹڈیز کے رکن بن سکتے ہیں، پابندی ختم ہونے سے اب دوسرے اداروں کے پروفیسر اور ایسوسی ایٹ پروفیسربھی رکن بن سکیں گے، اجلاس میں پاکستان میرین اکیڈمی کوانجینئرنگ کاالحاق دیے جانے کی منظوری بھی دے دی گئی اس موقع پر موجود این ای ڈی یونیورسٹی کے ڈائریکٹرفنانس محمد شرجیل نے بتایاکہ یونیورسٹی نے مالی سال 2012/13کیلیے1742.728 ملین روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔
Load Next Story