سونم کپور نے دپیکا کی بجائے کنگنا کو سال کی بہترین ادکارہ کے ایوارڈ کا مستحق قراردیدیا

دپیکا سے بہتر اور جاندار اداکاری ’’تنو ویڈز منوریٹرن‘‘ میں کنگنا رناوت نے دکھائی ہے، بالی ووڈ اداکارہ


ویب ڈیسک February 05, 2016
دپیکا سے بہتر اور جاندار اداکاری ’’تنو ویڈز منوریٹرن‘‘ میں کنگنا رناوت نے دکھائی ہے، بالی ووڈ اداکارہ، فوٹو؛ فائل

بالی ووڈ کی موسٹ اسٹائلش اداکارہ سونم کپور نے ڈمپل گرل کے نام سے مشہور اداکارہ دپیکا پڈوکون کی بجائے اداکارہ کنگنا رناوت کو رواں سال کے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کا مستحق قرار دے دیا۔

بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور اور دپیکا پڈوکون میں پیشہ وارانہ حسد کے باعث سرد جنگ کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے اسی لیے دونوں اداکاراؤں کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات آتے رہتے ہیں جب کہ گزشتہ دنوں دونوں اداکاراؤں کے اختلافات کو متعدد بار ختم کرنے کی کوشش بھی کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود دونوں میں ایک بار پھر سرد جنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔

سونم کپور کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ دپیکا پڈوکون نے اپنی فلم ''پیکو'' کے لیے بہترین اداکارہ کے تمام ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں جس کی وہ حقدار نہیں تھیں بلکہ ان سے بہتر اور جاندار اداکاری ''تنو ویڈز منوریٹرن'' میں کنگنا رناوت نے دکھائی ہے جس کے لیے وہ ''بہترین اداکارہ'' کے ایوارڈز کی حقدار ہیں جب کہ رچا چڈہ نے بھی فلم''مسان'' میں بہترین اداکاری کی ہے جسے سراہا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ اداکارہ سونم کپور اپنی نئی آنے والی فلم''نیرجا'' کی تشہیر میں مصروف ہیں جب کہ فلم 19 فروری کو ریلیز کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں