آمد رمضان پھلوں کی قیمت میں اضافہ سرکاری پرائس لسٹ مذاق بن گئی

منڈی کے تاجر یومیہ طلب و رسد کی بنیاد پر خود قیمت کا تعین کررہے ہیں


ایکسپریس July 19, 2012
کنٹرولر جنرل آف پرائسز کا قیمتوں پرکوئی کنٹرول نہیں رہا،منڈی کے تاجر یومیہ طلب و رسد کی بنیاد پر خود قیمت کا تعین کررہے ہیں۔ فوٹو/ایکسپریس

پھلوںکی قیمتیں رمضان سے قبل ہی آسمان سے با تیں کرنے لگی،کھجور240روپے کلو،کیلا 80 سے 100روپے درجن، آڑو اور خوبانی 100 سے 120 روپے کلو فروخت ہورہا ہے،کمشنر کراچی ریٹیل کے ساتھ سبزی منڈی میں بھی سرکاری پرائس لسٹ پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہے۔

سرکاری پرائس لسٹ مذاق بن کر رہ گئی ہے ،رمضان میں پھلوں کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، کنٹرولر جنرل آف پرائسز کی جانب سے پھلوںکی یومیہ پرائس لسٹ جاری کی جاتی ہے تاہم یہ لسٹ رمضان کے مہینے میں نمائشی طور پر آویزاں کی جاتی ہے، پرائس لسٹ میںکیلا درجہ اول ریٹیل قیمت 66روپے درجن جبکہ درجہ دوم قیمت 45 روپے درجن ہے تاہم اس قیمت پر شہر میں کہیں کیلے فروخت نہیں کیے جارہے ہیں، درجہ اول کی قیمت 100 روپے درجن سے زائد ہے جبکہ درجہ دوم کے کیلے 70سے 80روپے درجن فروخت کیے جارہے ہیں،

خوردہ قیمت کی طرح سبزی منڈی کی قیمتوں پر بھی کنٹرولر جنرل آف پرائسز کا کوئی کنٹرول نہیں رہا اور منڈی کے تاجر یومیہ طلب و رسد کی بنیاد پر خود قیمت کا تعین کررہے ہیں،متعدد پھلوں کی منڈی کی قیمتوں اورسرکاری قیمتوں میں100فیصد تک فرق ہے،منڈی میںکم قیمت پر فروخت ہونیوالے پھلوںکی قیمت سرکاری پرائس لسٹ میں زیادہ درج ہے جس سے خوردہ قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، سرکاری پرائس لسٹ کے مطابق سبزی منڈی کیلیے خوبانی کی تھوک قیمت 85سے 100 روپے کلو مقرر ہے تاہم کراچی سبزی منڈی مارکیٹ کمیٹی کے مطابق منڈی میں خوبانی70روپے کلو فروخت کی گئی جو شہر میں 100روپے کلو قیمت پر فروخت ہورہی ہے اسی طرح سردے کی قیمت 35روپے درجہ دوم اور 40روپے درجہ اول مقررہے۔

تاہم منڈی میں سردا اور گرما 40روپے کلو فروخت کیا گیا جوشہر میں50سے 60روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے، سرکاری ریٹ لسٹ میں چیکوکی خوردہ قیمت درجہ دوم 37اور درجہ اول 55روپے درج ہے جبکہ شہر میںچیکو 60سے 70روپے کلو فروخت ہورہا ہے، درجہ دوم کا چیکو 50روپے کلوفروخت کیا جارہا ہے،مارکیٹ میں سیب کی مقامی فصل آنے کے باوجود زیادہ تر درآمدی سیب فروخت کی جارہا ہے جس کی قیمت 200سے 300روپے کلو وصول کی جارہی ہے،مقامی سیب 80سے 100روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں