ملازمین کی ہڑتال پی آئی اے کے طیارے چوتھے روز بھی اڑان نہ بھر سکے

ملازمین کی ہڑتال کے باعث قومی ایئر لائن کے تمام 38 طیارے گراؤنڈ ہیں، ترجمان پی آئی اے


ویب ڈیسک February 05, 2016
راولپنڈی کے بینظیر انٹرنیشل ایئرپورٹ پر 4 روز میں 153 پروازیں مسنوخ ہو چکی ہیں۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ملازمین کی جانب سے ادارے کی نجکاری کے خلاف احتجاج 12 ویں روز میں داخل ہو چکا ہے جب کہ مسلسل چوتھے روز پی آئی اے کوئی بھی طیارہ اڑان نہیں بھر سکا۔

دوسری جانب پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ہڑتال کے باعث آج بھی درجنوں پروازین منسوخ کردی گئی ہیں جن میں کراچی سے 50، راولپنڈی سے 45، لاہور سے 35 اور پشاور سے 6 پروازیں شامل ہیں۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن آج بھی مکمل طور پر بند جب کہ دفاتر میں سناٹا ہے۔ جناح ٹرمینل سے اندرون و بیرون ملک جانے والی تمام پروازیں منسوخ ہیں۔ دوسری جانب کراچی میں پی آئی اے کے مرکزی دفتر کے سامنے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ادارے کی نجکاری کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ائرپورٹ پر بھی پی آئی اے کا فضائی آپریشن مکمل طور پر معطل ہے، شہر سے اندرون بیرون ملک جانے والی 35 اور بیرون ملک سے آنے والی 8 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ فلائٹ انکوائری اور سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے ٹیلی فون ریسیو نہ کرنے کے باعث مسافروں کو معلومات حاصل کرنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

راولپنڈی کے بینظیر انٹرنیشل ایئرپورٹ پر بھی 4 روز میں 153 پروازیں مسنوخ ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ پشاورسے 62 پراوزیں اور کوئٹہ سے بھی درجنوں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ملتان سے بھی پی آئی اے کی تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کے باعث ابو ظہبی، بحرین، مدینہ، کویت، لندن اور دبئی کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں جب کہ جدہ ایئرپورٹ پر 500 سے زائد اور دہلی میں 92 مسافر پھنس گئے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن کے تمام 38 طیارے گراؤنڈ ہیں۔ گزشتہ روز پی آئی اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ دو نجی ایئر لائنز کے ساتھ معاہدے ہو چکے ہیں جس کے تحت کنفرم ٹکٹس والے مسافر ایئر بلیو یا شاہین ایئر میں بھی سفر کر سکتے ہیں تاہم دونوں نجی ایئر لائنز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے ہم اپنے مسافروں کو ترجیح دیں گے اور اگر سیٹس بچ گئیں تو پھر پی آئی اے ملازمین کو فراہم کی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں