کمر میں تکلیف نے عمر اکمل کی مشکلات بڑھا دیں

پی ایس ایل کا پہلا میچ نہیں کھیل پائے، فارم ثابت کرنے کا موقع ہاتھ سے نکل گیا

حکام کوٹیم کی تشکیل کا چیلنج درپیش،کوچ آسٹریلیا میں چھٹیاں گزارنے میں مگن فوٹو:فائل

کمر میں تکلیف نے عمر اکمل کی مشکلات بڑھا دیں، اسٹار بیٹسمین فٹنس مسائل کے سبب لاہور قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل کا پہلا میچ نہیں کھیل پائے، یوں فارم ثابت کرنے کا موقع ہاتھ سے نکل گیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے اسکواڈ کا اعلان کرنے کی ڈیڈلائن 8 فروری ہے، منتخب پلیئرز کو اس سے قبل ایشیا کپ میں بھی شریک ہونا ہے، پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی مرحلے میں چند میچز ہی پلیئرز کی کارکردگی جانچنے کیلیے میسر ہیں، دورئہ نیوزی لینڈ میں پرفارمنس توقعات کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے ریڈار میں آنیوالے احمد شہزاد افتتاحی روز ناکام رہے، دوسری جانب محمد نواز نے آل راؤنڈ پرفارمنس سے بھرپور توجہ حاصل کی، جمعے کو منعقدہ میچ میں عمر اکمل کمر میں تکلیف کی وجہ سے لاہور قلندرز کو دستیاب نہیں ہو سکے۔


یوں سلیکٹرز کے دل جیتنے کا ایک موقع ہاتھ سے نکل گیا، ان کی جگہ دورئہ نیوزی لینڈ کے ایک اور آؤٹ آف فارم کرکٹر صہیب مقصود کو شامل کیا گیا لیکن ادھوری فٹنس کے حامل بیٹسمین22 رنز سے بڑی اننگز نہ کھیل پائے، مشکوک فٹنس کی وجہ سے پیسرزکا انتخاب کڑا چیلنج بن چکا، اوپنرز کون ہونگے یہ فیصلہ بھی نہیں کیا جا سکا، بیٹنگ آرڈر میں بار بار تبدیلیوں کی روش پر قائم رہنے والی مینجمنٹ میگا ایونٹس میں بھی تجربات کرتی رہی تو کارکردگی میں بہتری کی امیدیں وابستہ نہیں کی جاسکتیں۔

دوسری جانب حسب روایت وقار یونس مسائل کا انبار چھوڑ کر خود آسٹریلیا میں اہل خانہ کیساتھ چھٹیاں گزار رہے ہیں، چیف سلیکٹر ہارون رشید دبئی میں پی ایس ایل کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے سرگرم ہونے کیساتھ ریڈیو پر تبصرے بھی کر رہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ رسمی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، چند طے شدہ تبدیلیاں کرتے ہوئے اسکواڈ کا اعلان کردیا جائے گا۔
Load Next Story