پریمیئر فٹبال لیگ پی اے ایف نے ووہیب کلب کو ہرادیا

پریمیئر فٹبال لیگ:ناکام ٹیم کے نعیم احمد کا اون گول، بلوچ ایف سی اور کے پی ٹی کا مقابلہ برابر


Sports Reporter November 05, 2012
پریمیئر فٹبال لیگ،آج افغان ایف سی اور این بی پی مد مقابل ہوں گی۔ فوٹو: فائل

نویں پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں پاکستان ائیر فورس نے ووہیب ایف سی لاہور کو 3-0 سے ہرادیا۔

پی اے ایف کمپلیکس گرائونڈ پشاورمیں کھیلے گئے میچ کے 47 ویں منٹ میں ووہیب ایف سی کے ڈیفنڈر نعیم احمد نے غلطی سے بال اپنے ہی گول پوسٹ میں پھینک کر پی اے ایف کو فائدہ پہنچایا۔ پی اے ایف کے اسٹرائیکر محمد ذیشان اور مڈ فیلڈر محمد مدثر وسیم نے بالترتیب میچ کے 62ویں اورانجری ٹائم کے پہلے منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری مستحکم کردی۔ میچ کے بہترین کھلاڑی اور اسکورر کا ایوارڈ محمد ذیشان کو دیا گیا۔ دوسرا میچ بلوچ ایف سی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے مابین نوشکی فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

بلوچ ایف سی کے مڈ فیلڈر حبیب اللہ کو میچ کے 42 ویں جبکہ کے پی ٹی کے اسٹرائیکر عبید، مڈ فیلڈر ظفر مجید اور ڈیفنڈر محمد اختر کو بالترتیب 23ویں، 37 ویں اور 60 ویں منٹ میں یلو کارڈز دیئے گئے، بہترین کھلاڑی بلو چ ایف سی کے ڈیفنڈر ثناء اللہ قرار پائے۔ آج زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) اور پی ایم سی ایتھلیٹکو ایف سی فیصل آباد کا میچ جناح فٹبال اسٹیڈیم اسلام آباد میں ہوگا، دوسرے معرکے میں افغان ایف سی اور نیشنل بنک آف پاکستان (این بی پی) کی ٹیمیں گورنمنٹ ہائی اسکول چمن میں مقابل ہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں