سری لنکانے بھی آئی ایم ایف سے ہنگامی مدد مانگ لی

معاشی سست روی اور بڑھتے ہوئے بجٹ خسارے کے باعث بیل آؤٹ کی درخواست کی،حکام


AFP February 07, 2016
معاشی سست روی اور بڑھتے ہوئے بجٹ خسارے کے باعث بیل آؤٹ کی درخواست کی،حکام فوٹو؛فائل

NEW DELHI: سری لنکا نے بھی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ہنگامی مدد مانگ لی۔ واضح رہے کہ سری لنکا8 فیصد کی رفتار سے معاشی ترقی کر رہا تھا تاہم 2015 میں اس کا گروتھ ریٹ 4.8 فیصد رہ گیا جب مالیاتی خسارے میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

حکام نے بتایا کہ معاشی سست روی اور بڑھتے ہوئے بجٹ خسارے کے باعث آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ کی اپیل کی گئی ہے۔ آئی ایم ایف نے واشنگٹن سے گزشتہ روز جاری بیان میں سری لنکا کی جانب سے مدد کے لیے درخواست ملنے کی تصدیق کردی تاہم اس کی منظوری یا متوقع امدادی پروگرام کی مالیت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔ گزشتہ ماہ وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے نے پارلیمنٹ کو آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ ڈیل پرمذاکرات سے آگاہ کیاتھا۔

آئی ایم ایف نے سری لنکا جائزے کے لیے گزشتہ ہفتے بھیجے جانے والے مشن کا حوالہ دیتے کہا کہ سری لنکن حکومت کو بجٹ خسارہ محدود کرنے اور سرکاری خزانے کو پائیداری کے راستے پر ڈالنے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کا مشورہ دیا گیا ہے، سری لنکا کا قرض تیزی سے بڑھ رہا ہے، حکومت گزشتہ سال بجٹ خسارہ قابو میں نہ رکھ سکی۔

رواں سال بھی ہدف حاصل نہیں ہوگا، یہ عدم توازن بیرونی غیرموافق حالات کے وقت سامنے آیا ہے، ایسے خدشات کے ہوتے ہوئے سری لنکا کو اپنے اقتصادی دفاع کو مضبوط بنانا ہوگا۔ یاد رہے کہ سری لنکن حکومت نے گزشتہ سال جنوری میں بھی آئی ایم ایف سے فوری بیل آؤٹ پیکیج دینے کی درخواست کی تھی جسے ملکی زرمبادلہ ذخائر اطمینان بخش سطح پر ہونے کا کہہ کرمسترد کردیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں