ساف گیمز میں قومی ہاکی ٹیم مسائل کا شکار کوچ ہی کو کھلانے کا فیصلہ

ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق کسی بھی ٹیم کے پاس 18 پلیئرز ہونے چاہیں لیکن قومی سائیڈ کو صرف 15 کا ہی ساتھ حاصل ہے


بطور کوچ بھارت جانے والے ریحان بٹ کو حتمی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، فوٹو :فائل

ساف گیمز میں پاکستان وائٹس ہاکی ٹیم مسائل کے گرداب میں پھنس گئی، ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق کسی بھی ٹیم کے پاس 18 پلیئرز ہونے چاہیں لیکن قومی سائیڈ کو صرف 15 کا ہی ساتھ حاصل ہے، بطور کوچ بھارت جانے والے ریحان بٹ کو حتمی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، وہ اتوار کو سری لنکا کیخلاف ایکشن میں نظر آسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ساف گیمز میں ہاکی مقابلوں کا باقاعدہ آغاز اتوار کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہو گا، ذرائع کے مطابق مقابلوں میں مسلسل 2 بار طلائی تمغے جیتنے والے گرین شرٹس کو فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کیلیے کھلاڑیوں کی کمی کا سامنا ہے،انتظامیہ نے شریک ٹیموں کو مطلع کیا تھا کہ وہ 18پلیئرزکے ہمراہ شریک ہوں لیکن حیران کن طور پر پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی نے16کا اعلان کیا، ٹیم کا حصہ بننے والے ایک کھلاڑی سمیع اللہ کا ساف گیمز کے لیے ایکریڈیشن نہیں ہوا، وہ تاحال بھارت نہیں جاسکے ہیں، جس کے بعد ٹیم میں موجود کھلاڑیوں کی تعداد صرف 15 ہی رہ گئی۔

اس کمی کو پورا کرنے کے لیے ٹیم کے ساتھ بطور کوچ جانے والے سابق کپتان ریحان بٹ کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق وہ گذشتہ2روز سے دیگر پلیئرز کے ساتھ بھر پور ٹریننگ کر رہے ہیں، انھوں نے اتوار کو سری لنکا سے میچ میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی تو میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔ دوسری طرف معلوم ہوا ہے کہ میچز15منٹ کے 4 کوارٹر پر مشتمل نہیں ہوںگے،منتظمین نے شریک ٹیموں کو بتائے بغیر35 منٹ کے 2 ہاف پر مقابلوں کا اعلان کیا ہے، اس سے بھی مسائل ہوں گے، ساتھ ہی کھلاڑیوں کو بلو ٹرف پر پیلے رنگ کی گیند کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں