سعودی عرب میں زمین پر پڑی چیزاٹھانے پر3حاجی گرفتار

رواں سال 93پاکستانی حجاج کی اموات ہوئیں، 7حاجی مختلف حادثات میںجاںبحق ہوئے.


Munawar Ali Khan November 05, 2012
ایک لاکھ 79ہزار20پاکستانی عازمین نے فریضہ حج ادا کیا،ڈائریکٹر جنرل حج ابو احمد عاکف فوٹو: اے ایف پی/فائل

اس سال حج کے موقع پر93پاکستانی حجاج کرام کی اموات ہوئیں جن میں7حجاج مختلف حادثات میںجاں بحق ہوئے۔

جبکہ اب تک 87پاکستانی حجاج کی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تدفین کی جا چکی ہے، سرکاری اسکیم کے حاجیوں کیلیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تقریباً 35کروڑ سعودی ریال کی رہائشیں خریدی گئیں، سعودی عرب کے قوانین کے مطابق زمین پر پڑی کوئی چیز اٹھانا چوری کے زمرے میں آتا ہے،اس سال بھی تین حاجی ایسی ہی صورتحال کا شکار ہوئے ہیں جو اس وقت گرفتار ہیں،ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل حج ابو احمد عاکف نے پی آئی اے کے جدہ آفس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا، انھوں نے مزید بتایا کہ اس سال پاکستان سے ایک لاکھ 79ہزار 20 عازمین نے فریضہ حج ادا کیا جن میں89ہزار 605 حاجی سرکاری اسکیم کے تحت یہاں پہنچے جبکہ اتنے ہی عازمین مختلف پرائیویٹ حج آرگنائزرز کے ذریعے حجاز مقدس پہنچے، ایک سوال پر ابو احمد عاکف نے بتایا کہ پاک فوج2 برس سے خدام الحجاج فراہم نہیں کر رہی۔

جس کے بعد حکومت کی ہدایت کے مطابق گذشتہ برس سے محکمہ پولیس اور موٹر وے پولیس کے افسران و اہلکار یہاں حجاج کو سہولت پہنچانے کی غرض سے آرہے ہیں جن کی تعداد 500کے لگ بھگ ہے، پروازوںکی تاخیر اور حجاج کے جدہ حج ٹرمینل پر پہنچنے میں تاخیر کے معاملات پر ہم نے پی آئی اے حکام کو پیشکش کی ہے کہ مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے اور جدہ کیلیے روانہ ہونے والی اور حج ٹرمینل پر پہنچنے والی بسوں کا ریکارڈ مشترکہ طور پر مرتب کرنے اور ان کی آمد و رفت کا وقت مشترکہ طور پر ریکارڈ کرنے سے مسائل پر کسی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔

شاہین ایئر کی پروازوں کی روانگی میںمسلسل تاخیر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انھوں نے کہا کہ وزارت حج پہلے ہی اس معاملے کا نوٹس لے چکی ہے اور شاہین ایئر کو شوکاز جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ہفتے کو وہاں جدہ حج ٹرمینل پرپاکستانی حجاج کے ساتھ جو بھی صورتحال پیش آئی اس کے بارے میں انھیں مکمل معلومات نہیں، انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ جدہ حج ٹرمینل پر تعینات حج مشن کے عملے کو چوکنا رہنے کی فوری ہدایات جاری کریں گے، ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ جن حجاج کو ان کے پیکیج کے مطابق رہائشیں نہیں مل سکیں انہیں واپسی پر رہائش کی مد میں رقوم کی واپسی ممکن بنائی جا رہی ہے ،ڈائریکٹر جنرل حج کا کہنا تھا کہ اس سال مقامی سطح پربھی تقریباً 700خدام کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

قبل ازیں جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل سالک خان نے پی آئی اے جدہ آفس میں میڈٰیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناخواندگی کی وجہ سے عام طور پر پاکستانی حاجیوں میں آگہی کا فقدان ہوتا ہے اور یہاں کے قوانین سے وہ لاعلم ہوتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ گذشتہ برس ایک پاکستانی گرفتار ہوا کیونکہ اس نے زمین پر کسی کی چیز کو اٹھایا اور کیمرے نے یہ سب ریکارڈ کر لیا یہاں چونکہ قانوناً یہ جرم ہے چاہے اس کی نیت مذکورہ چیز اس کے مالک تک یا پولیس کے حوالے کرنا ہی کیوں نہ ہو اس لیے اسے گرفتار کر لیا گیا، انھوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں تقریباً 15لاکھ پاکستانی ہیں جن میں ایک بڑی تعداد لیبر طبقے سے بھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں