کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطیبورڈ نے نئے آفیشل کا تقررکردیا

معین العتیق اینٹی کرپشن کے حوالے سے بھی لیکچرز دیں گے،وسیم باری کی چھٹی یقینی


ایکسپریس July 19, 2012
معین العتیق اینٹی کرپشن کے حوالے سے بھی لیکچرز دیں گے،وسیم باری کی چھٹی یقینی (فوٹو فائل)

کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی اور انھیں اینٹی کرپشن کے حوالے سے تعلیم دینے کیلیے پی سی بی نے نئے آفیشل کا تقررکر لیا، سابق انٹرنیشنل کرکٹر معین العتیق آئندہ چند روز میں ذمہ داری سنبھالنے والے ہیں،

تقریباً یہی کام کچھ عرصے قبل تک وسیم باری کرتے رہے یوں اب ایسا لگتا ہے کہ کنٹریکٹ کی تجدید کیلیے ان کی تمام تر سفارشیں بے سود ثابت ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کیس میں سلمان بٹ، محمد عامر اورآصف کے جیل جانے کے بعد آئی سی سی کی جانب سے بھی پی سی بی پر سخت اقدامات کیلیے خاصا دبائو پڑا،اس حوالے سے سابق ٹیسٹ کھلاڑی وسیم باری کو جونیئر پلیئرز کی رہنمائی کا کام سونپا گیا تھا

تاہم اس کا کوئی فائدہ نہ ہو سکا، ان کا کنٹریکٹ اب ختم ہو چکا، توسیع کیلیے انھوں نے بااثر حلقوں سے سفارش بھی کرائی جو ایسا لگتا ہے کہ کسی کام نہ آ سکیں،بورڈ نے اب سابق انٹرنیشنل کرکٹر معین العتیق کو کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی پر کام کرنے کا ٹاسک سونپا ہے، وہ اینٹی کرپشن کے حوالے سے بھی لیکچرز دیاکریں گے،

48 سالہ اوپنر نے 1988 سے 1989 تک 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک سنچری کی مدد سے 199 رنز بنائے تھے، وہ ایم بی اے ہونے کے ساتھ انگلینڈ سے اسپورٹس مینجمنٹ میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کر چکے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گاہے بگاہے ان کی خدمات حاصل کی جاتی رہیں

تاہم اب باضابطہ طور پر ایک سالہ کنٹریکٹ پر ملازمت فراہم کر دی گئی، ان کا تقرر کراچی کیلیے ہوا تاہم لاہور و دیگر شہروں میں بھی جاتے رہیں گے، ذرائع نے بتایا کہ معین العتیق20 جولائی کو ورلڈکپ کیلیے منتخب شدہ انڈر 19 کرکٹرز کو بھی لیکچرز دیں گے، وہ انگلینڈ میں میچ فکسنگ کے حوالے سے تھیسس بھی لکھ چکے، مینٹل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت وہ کھلاڑیوں کے ذہنوں سے منفی سوچ نکالنے کا کام کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں