حکومتی کوششیں رنگ لےآئیں پی آئی اے کا فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال

راولپنڈی ایئرپورٹ سے 2 پروازیں جدہ جب کہ ایک پرواز گلگت روانہ ہوئی ہیں


ویب ڈیسک February 07, 2016
پروازوں کا تمام عملہ اور گراؤنڈ اسٹاف قومی ایئر لائن سے ہی تعلق رکھتا ہے، ترجمان پی آئی اے فوٹو: فائل

حکومتی کوششوں کے باعث قومی ایئر لائن کا اندرون اور بیرون ملک فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت 6 روز کی کوششوں کے بعد پی آئی اے کا اندرون اور بیرون ملک فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ اتوار کی علی الصبح قومی ایئر لائن کے 2 بوئنگ 777 طیارے راولپنڈی کے بےنظیرایئرپورٹ سے جدہ روانہ ہوئے جو وہاں موجود 700 معتمرین کو واپس لائیں گے۔ جدہ جانے والی پرواز پی کے 7329 کو کیپٹن آصف گیلانی اور کیپٹن طارق چوہدری جب کہ پی کے 741 کو کیپٹن میاں طاہر ریحان اور کیپٹن لیاقت حسین اڑا رہے ہیں۔

راولپنڈی سے ہی پی آئی اے کی پرواز پی کے 606 مسافروں کو لے کر گلگت پہنچ گئی جب کہ یہ پرواز وہاں موجود 200 سے زائد افراد کو واپس بھی لے کر آئے گی۔

ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جدہ اور گلگت جانے والی پروازوں کا تمام عملہ اور گراؤنڈ اسٹاف قومی ایئر لائن سے ہی تعلق رکھتا ہے۔ وہ پی آئی اے کے عملے سے اپیل کرتے ہیں وہ غیر مشروط طور پر ہڑتال ختم کرکے اپنے فرائض دوبارہ سنبھال لیں۔

دوسری جانب ملک کے دیگر ہوائی اڈوں سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن مکمل طور پر معطل ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، سکھر، رحیم یار خان اور ملتان کے ہوائی اڈوں سے قومی ایئر لائن کی کوئی ملکی یا غیر ملکی پرواز آج بھی اڑان نہیں بھرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |