مداخلت کرنے والے غیر ملکی فوجیوں کے جنازے ہی واپس جائیں گے شامی وزیرخارجہ

اگر کسی ملک نے دراندازی کی کوشش کی تو شامی عوام اس کا بھرپور جواب دے گی، ولید المعلم


ویب ڈیسک February 07, 2016
شامی افواج کی کامیابیاں اس بات کا اشارہ ہیں کہ ہم مسئلے کے خاتمے کی جانب جا رہے ہیں، وزیر خارجہ. فوٹو: فائل

شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے سعودی عرب کی جانب سے زمینی فوج بھیجنے کے اعلان پر خبردار کیا ہے کہ اگر اجازت کے بغیر کسی بھی ملک کی فوج نے ہماری سرزمین میں مداخلت کی کوشش کی تو پھر ان کے جنازے ہی واپس جائیں گے۔

شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپنی سرزمین پر بغیر اجازت کے کسی بھی غیر ملکی فوج کو مداخلت کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، اگر کسی ملک نے دراندازی کی کوشش کی تو شامی عوام اس کا بھرپور جواب دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بغیر اجازت مداخلت کرنے والے غیر ملکی فوجیوں کے تابوت ہی واپس ان کے وطن کو جائیں گے، شامی وزیر خارجہ نے اس بات کو متعدد بار دہرایا کہ یہ پالیسی شام میں مداخلت کرنے والے ہر ملک کے لئے ہو گی۔

ولید المعلم نے مزید کہا کہ شامی افواج کو باغی گروپوں کے خلاف 5 سالہ خانہ جنگی میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے اور سرکاری افواج جیت کی جانب گامزن ہے۔ انھوں نے کہا کہ میدان جنگ میں شامی افواج کی کامیابیاں اس بات کا اشارہ ہیں کہ ہم مسئلے کے خاتمے کی جانب جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل سعودی فوج کے ایک اعلیٰ ترین افسر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سعودی حکومت نے شام میں داعش کے خلاف فضائی کارروائیوں کے بعد زمینی فوج بھی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔