عوام کو بزور بندوق شریعت لانے پر مجبور کیا جارہا ہے فضل الرحمن
تہذیب کیخلاف قوانین مسلط کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ہم ایسا نہیں ہونے دیںگے
جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ65 سال تک ملک پر قابض حکمرانوں نے دنیا کے آگے پاکستان کو غیرمحفوظ ریاست کے طور پر پیش کیا۔
عوام امن کے متلاشی ہیں، کل فرنگی کے غلام تھے آج امریکا کے غلام بن گئے، ہماری سیاست، دماغ اور معیشت کاکنٹرول امریکا کے پاس ہے۔ کرک میں اسلام زندہ بادکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے افغانستان کی پرائی جنگ میں امریکا کا ساتھ دیکر طالبان کو مخالفت میں کھڑا ہونے پر مجبور کیا اورکہاکہ شریعت کا اسلحہ کے زور پر مطالبہ ٹھیک نہیں لیکن جمہوریت کے نام نہاد علمبرداروں نے آئینی تقاضے پامال کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے راستے65 سال میں بھی شریعت نافذ نہیں کی اور عوام کو بندوق کے زور پر شریعت لانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آئینی اداروں کی سفارشات کی روشنی میں قانون سازی کی بجائے ہماری تہذیب اور اخلاقیات سے عاری قوانین مسلط کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں مگر جے یو آئی تنہا اسمبلی فلور پر قوم کی نمائندگی کرکے قرآن وسنت کے منافی قوانین منظور کرانے کی ہرگز اجازت نہیں دیگی۔ انھوں نے کہا کہ ملالہ یوسفزئی پر سیاست چمکانے کی اجازت کسی کو نہیں دینگے۔