پی ایس ایل کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے پشاور زلمی کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے 136 رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کیا۔


ویب ڈیسک February 07, 2016
کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے 136 رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کیا۔ فوٹو: پی ٹی وی

RAWALPINDI/ ISLAMABAD: پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے پشاور زلمی کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پشاورزلمی نے مقررہ 20 اوورز میں ڈیرن سیمی کے 48 رنزکی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر135 رنزبنائےجس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے ہدف 7 وکٹوں پر حاصل کیا اس طرح کوئٹہ گلیڈیئٹرایونٹ میں مسلسل تین میچز جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی جانب سے شاندار آغاز کیا گیا اور اوپننگ بلے باز لیوک رائٹ اور احمد شہزاد نے 35 رنز کی شراکت قائم کی تو احمد شہزاد 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد لیوک رائٹ بھی 35 ہی کے مجموعے پر پویلین کی راہ لے بیٹھے۔ کیون پیٹرسن نے مزاحمت کی کوشش کی اور 35 رنز بنائے جب کہ کپتان سرفراز احمد 21، اکبرالرحمان 11، محمد نواز 4 اور محمد نبی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ناقابل شکست رہنے والے ایلٹن چکمبورا 7 اور انور علی 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے شاہد آفریدی اور وہاب ریاض نے 2،2 جب کہ محمد اصغر،شان ٹیٹ اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپننگ بلے باز تمیم اقبال اور محمد حفیظ کوئی خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کرسکے، 22 کے مجموعی اسکور پر تمیم 14 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے فوری بعد محمد حفیظ بھی محمد نواز کا شکاربن گئے جو صرف 10 رنز ہی بنا سکے۔ ڈیوڈ ملان 18، کامران اکمل 6 اور کپتان شاہد آفریدی بغیرکوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ڈیرن سیمی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 31 گیندوں پر48 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے محمد نواز نے 3،عمر گل 2، ذوالفقاربابر اور انور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔