ٹرانسپورٹ مسائل کے سبب افتتاحی تقریب مختصرکردی گئی

موٹرسائیکل اسٹنٹ شوختم،گرائونڈکودیہات میں تبدیل کرنے کا آئٹم بدستور شامل


ایکسپریس July 19, 2012
موٹرسائیکل اسٹنٹ شوختم،گرائونڈکودیہات میں تبدیل کرنے کا آئٹم بدستور شامل. فوٹو اے ایف پی

ٹرانسپورٹ مسائل کے پیش نظر لندن گیمز کی افتتاحی تقریب مختصر کرتے ہوئے اس میں سے موٹر سائیکل اسٹنٹ شو ختم کردیاگیا،قدیم برطانوی ثقافت کی جھلک دکھانے کیلیے گرائونڈ کو دیہات میں تبدیل کیے جانے کا مشکل آئٹم بدستور شامل رکھاگیا ہے، منتظمین نے یہ اقدام تقریب کے رات گئے ختم ہونے پر شائقین کی پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے گھروں تک محفوظ واپسی یقینی بنانے کے پیش نظر اٹھایا،

انھیں خدشہ ہے کہ افتتاحی تقریب کی طوالت سے شائقین کو ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، ایسٹ لندن میں واقع اولمپک اسٹیڈیم میں 27 جولائی کو شیڈول گیمز کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کو چارچاند لگانے اوربرطانوی کلچر کا آئینہ بنانے کی ذمہ داری آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ڈائریکٹر ڈینی بوائل کو سونپی گئی ہے،

پروگرام کے مطابق تقریب کو مقامی وقت کے مطابق شب ساڑھے12بجے ختم کیا جانا ہے۔ دوسری جانب برطانیہ نے ہنگامی منصوبے کے تحت مزید 2 ہزار فوجی دستوں کو لندن گیمز کی سیکیورٹی امور کیلیے تیار رہنے کا حکم دیدیا، اس کا اعلان میزبان وزیر اسپورٹس ہگ روبرٹسن نے پرائیویٹ سیکیورٹی فرم کی جانب سے خاطرخواہ تعداد میں افرادی قوت فراہم نہ کیے جانے کے پیش نظر کیا، برطانوی حکومت نے گذشتہ ہفتے پرائیویٹ سیکیورٹی فرم جی فور ایس کی جانب سے اپنے معاہدے کے مطابق 10 ہزار 500 سیکیورٹی گارڈ فراہم نہ کیے جانے پر 3500 فوجی دستوں کو اولمپک گیمز کیلیے تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا،

روبرٹسن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی منصوبے کے تحت مزید 2 ہزار دستوں کوگیمز کے سیکیورٹی امور انجام دینے کیلیے تیار رہنے کا حکم دے دیاگیا، انھوں نے مزید کہا کہ ہم ٹیکس ادا کرنے والوں کی مزید کوئی رقم سیکیورٹی پر خرچ نہیں کرنے جارہے، مذکورہ سیکیورٹی کمپنی کی جانب سے معاہدے کی شقیں پوری نہ کیے جانے پر جرمانہ وصول کرنے پر بھی کام جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں