کراچی فائرنگ سے سیاسی کارکنوں سمیت 5 ہلاک

مہران ٹائون سے لاش ملی،پہاڑ گنج میں پھل فروش قتل، عثمان آباد میں کاشف کو نشانہ بنا یاگیا


Staff Reporter November 05, 2012
مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے دوران 9 افراد زخمی، 2 افراد کو ڈاکوئوں نے گولی ماردی ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور عوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی صدر سمیت 5 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق عثمان آباد میں مقامی فیکٹری کے سامنے فائرنگ سے 28 سالہ کاشف ولد شوکت سر میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے ابتدائی طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا ، بعدازاں زخمی کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ، گارڈن تھانہ کے ایڈیشنل ایس ایچ او طارق کے مطابق مقتول کاشف متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن اور عثمان آباد کا رہائشی تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کر دی ، گلشن معمار میں نامعلوم ملزمان نے قبرستان میں فائرنگ کرکے35 سالہ فضل ربی ولد کریم خان کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے ۔

علاقہ ایس ایچ او اسماعیل لاشاری نے بتایا کہ مقتول خواجہ اجمیر نگری کے علاقہ زرینہ کالونی کا رہائشی اور عوامی نیشنل پارٹی کا علاقائی صدر تھا ، مقتول کو نامعلوم ملزمان اغوا کرکے جنجال گوٹھ کے قریب واقع قبرستان میں لائے اور فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ، پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوںکے 5 خول بھی اپنے قبضے میں لے لیے ، کورنگی مہران ٹائون سے35 سالہ شخص کی لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی ، کورنگی صنعتی علاقہ پولیس کے مطابق مہران ٹائون سیکٹر 6-F میں خالی پلاٹ سے بوری میں بند لاش ملی ہے متوفی کی عمر تقریباً 35 برس ہے ، مقتول شلوار قمیص میں ملبوس تھا جسے گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا ، پولیس نے ضابطہ کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے میں رکھوادی، شارع نور جہاں کے علاقہ پہاڑ گنج میں گھرکے اندر28 سالہ بخت نذر ولد گل نذر سر پرگولی لگنے سے ہلاک ہو ا ہے ۔

ورثاکاکہنا ہے کہ بخت نذر نے خودکشی کی ہے ، ایس ایچ او شارع نور جہاں طاہر ایوب نے بتایا کہ معاملہ پراسرار ہے ، مقتول کے سر پر گولی کے علاوہ زخم کا نشان بھی ہے ، مقتول پھل فروش یہاں اپنی اہلیہ کے ساتھ مقیم تھا ، پولیس نے ضابطہ کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ، شریف آباد کے علاقہ میں بیکری میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ سمیع اللہ ولد جمیل بائیں پائوں پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، بلدیہ ٹائون9نمبر کے علاقہ میں بھی ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر28 سالہ محمد نذیر ولد مسکین زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، کورنگی ڈھائی نمبر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ٹیکسی ڈرائیور33 سالہ صفدر ولد صادق کو زخمی کردیا ، مبینہ ٹائون میں نجی اسپتال کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے25 سالہ دانش ولد اعجاز زخمی ہوگیا ۔

صدر لکی اسٹار پر عبدالصمد ، ٹیپو سلطان تھانہ کی حدود میں خالد حسین اور شرافی گوٹھ میں صفدر ولد محمد خان زخمی ہوگئے جنھیں جناح اسپتال پہنچایا گیا ۔بلدیہ ٹاؤن نمبر7 جام نگر ابراہیم ویلفئیر اسپتال کے قریب ماما ہوٹل کے سامنے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے25 سالہ اقبال کچھی ولد ہارون کچھی، اس کا دوست عرفان کچھی ولد رحیم کچھی اور ایک راہ گیر17سالہ عادل ولد محمد حسین زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا۔

ایس ڈی پی او بلدیہ ٹاؤن ڈی ایس پی احمد بیگ نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول اقبال کچھی کھارادر میں واقع ایک کلیئرنگ اینڈ فارورڈنگ ایجنسی میںملازم تھا ، واقعہ کے وقت مقتول گھر کے قریب ماما ہوٹل کے سامنے اپنے دوست کے ساتھ بیٹھا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے 9 ایم ایم پستول اور بندوق سے اندھا دھند فائرنگ کر دی جبکہ پاک کالونی کے علاقے جہان آباد میوہ شاہ قبرستان کے ایم سی چوک پر 2 افراد کی بوری بند لاشوں کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی اوربوری بند لاشوں کو تحویل میں لے کر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا جہاں میڈیکو لیگل آفیسر ڈاکٹر سلیم نے پولیس پر برہمی کا اظہار کیا کہ پاک کالونی تھانے سے لاش یا زخمی کو سول اسپتال لے کر جایا جاتا ہے۔

وہ لاشیں یہاں کیوں لائے ہیں ، ڈاکٹر سلیم نے لاشوں کو معائنہ سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ لاشیں فوری طور پر سول اسپتال لے جاؤ ، پولیس کے مطابق مقتولین کے عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان ہیں دونوں کو نامعلوم ملزمان نے اغوا ء کیا ہاتھ پاؤں باندھ کر منہ میں کپڑا ٹھونس کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر7/A بلوچ گوٹھ فاروق آعظم مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے28 سالہ شیراز ولد شیر داد خان زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، زخمی ہونے والا شاہ فیصل محلہ اورنگی ٹائون کا رہائشی اور متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کا رکن ہے ، شیراز کے سر میں گولی لگی ہے حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں