راولپنڈی ایئرپورٹ پر دفعہ 144 نافذ ضلع بھر کی پولیس تعینات

ایئرپورٹ کی حدود میں کسی بھی قسم کا احتجاج اور دھرنا دینے والوں کو حراست میں لے لیا جائے، انتظامیہ کا حکم

ایئرپورٹ کی حدود میں کسی بھی قسم کا احتجاج اور دھرنا دینے والوں کو حراست میں لے لیا جائے، انتظامیہ کا حکم. فوٹو:فائل

پی آئی اے ملازمین کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر انتظامیہ نے راولپنڈی کے بے نظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف 2 روز کے لئے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ضلع بھر کی پولیس تعینات کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے ملازمین کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر ان کے لاپتہ ساتھیوں کو بازیاب نہ کرایا گیا تو ایئرپورٹ کا گھیراؤ کرتے ہوئے تمام آپریشنز بند کردیئے جائیں گے جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے بے نظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف ضلع بھرکی پولیس تعینات کردی اور انہیں حکم دیا ہے کہ ایئرپورٹ کی حدود میں کسی بھی قسم کا احتجاج اور دھرنا دینے والوں کو حراست میں لے لیا جائے۔


دوسری جانب گزشتہ روز سے جزوی طور پر بحال ہونے والا پی آئی اے فلائٹ آپریشن بھی جاری ہے جب کہ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے عمرہ زائرین کو واپس لانے کے لئے 4 پروازیں روانہ ہوئیں اور دیگر ایئرپورٹ سے بھی پروازوں کی بحالی جلد ہوگی۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے اور فلائٹ آپریشن کی بندش کے باعث ادارے کو اب تک اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔
Load Next Story