نجکاری کے خلاف احتجاج کے دوران لاپتہ ہونے والے پی آئی اے کے 4 ملازمین بازیاب

نامعلوم افراد نے ہدایت اللہ، منصور، ضمیر چانڈیو اور سیف اللہ ناگن چورنگی کے قریب چھوڑا


ویب ڈیسک February 08, 2016
پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے لاپتہ افراد کو بازیاب نہ کرانے پر جناح ٹرمینل تک مارچ کرنے کی دھمکی دی تھی فوٹو: فائل

قومی ایئر لائن کی نجکاری کے خلاف 2 فروری کو جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر احتجاج کے دوران لاپتہ ہونے والے پی آئی اے کے 4 ملازمین کو نامعلوم افراد خود ہی چھوڑ گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہدایت اللہ، منصور، ضمیر چانڈیو اور سیف اللہ نامی چاروں افراد 2 فروری کو احتجاج کے دوران لاپتہ ہوئے تھے، نامعلوم افراد ان چاروں ملازمین کو ناگن چورنگی کے قریب مختلف مقامات پر چھوڑ گئے جہاں سے وہ اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے۔

بازیاب ہونے والے افراد کا کہنا ہے کہ انہیں اٹھانے والے افراد نے نقاب پہنے ہوئے تھے اس کے علاوہ چار روز تک ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھی گئی تھیں جس کی وجہ سے وہ انہیں اٹھانے والوں کو پہچان نہیں سکتے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کے اغوا کاروں کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت کو ملازمین کی بازیابی کے لئے آج دوپہر تک کا الٹی میٹم دیا تھا، بصورت دیگر ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل تک مارچ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں