تائیوان میں زلزلے کے بعد مرنے والا شوہر بیوی سے وفا کا رشتہ نہ توڑ سکا

زلزلے سے 2 روز تک ملبے تلے دبی رہنے والی خاتون شوہر کی لاش کے نیچے معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔


ویب ڈیسک February 08, 2016
زلزلے سے 2 روز تک ملبے تلے دبی رہنے والی خاتون شوہر کی لاش کے نیچے معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔ فوٹو اے ایف پی

بعض اوقات ایسے واقعات ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر انسان بے اختیار انہیں معجزہ کہے بغیر نہیں رہ سکتا ایسا ہی کچھ ہوا تائیوان میں جہاں زلزلے سے تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے خاتون کو زندہ نکال لیا گیا اور دلچسپ بات یہ تھی کہ وہ عورت اپنے مردہ شوہر کی لاش کے نیچے پناہ لیے ہوئے تھی یعنی شوہر کی لاش نے اسے زندہ بچا لیا۔

تائیوان کے اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تینان میں زلزلے سے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے لوگوں کی تلاش کا کام جاری ہے اور اب بھی کچھ لوگ زندہ باہر آرہے ہیں جب کہ گزشتہ روز 17 منزلہ عمارت کے ملبے سے ایک شخص اور ایک خاتون کو زندہ نکال لیا گیا۔ ریسیکو حکام کا کہنا تھا کہ وہ آلے کی مدد سے زندہ بچ جانے والے افراد کو تلاش کر رہے تھے کہ انہیں 5 ویں منزل کے ملبے کے نیچے سے کسی خاتون کے کراہنے کی آواز آئی اور انہوں نے احتیاط سے کھدائی شروع کی۔

ریسکیو حکام کے مطابق جب وہ خاتون تک پہنچے تو انہیں خاتون اپنے شوہرکی لاش کے نیچے دبی ہوئی نظر آگئی۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا تھاکہ شوہر کی لاش کی وجہ ملبہ براہ راست خاتون پر نہیں گرا اور وہ بال بال بچ گئی جب کہ ان کا 2 سالہ بچہ بھی شوہر کے ساتھ ہلاک ہوگیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے تباہ شدہ اس 17 منزلہ عمارت سے اب تک 170 افراد کو نکال لیا گیا ہے جب کہ انہیں اب بھی 100 افراد ملبے کے نیچے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں تائیوان میں آنے والے 6.4 شدت کے زلزلے میں اب تک 36 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔