ملائیشین ایئر لائنز’’میلنڈو‘‘ آئندہ ماہ پاکستان میں سستی سروس شروع کریگی

ملائیشین ایئر لائنز پاکستان میں بجٹ پروازیں چلائے گی جو بہترین سہولتوں کے باوجود انتہائی سستی ہوں گی


ضیا تنولی February 09, 2016
فضائی آپریشن کاباضابطہ آغازلاہورسے ہوگا،معاہدہ انتہائی خفیہ رکھا گیا، ذرائع، ترجمان سول ایوی ایشن کا تردید یا تصدیق سے انکار ۔ فوٹو : فائل

ملائیشین ایئرلائنزمیلنڈو آئندہ ماہ مارچ سے پاکستان میں پہلی بجٹ (سستی) فضائی سفری سہولت کا آغاز کرے گی، باضابطہ معاہدہ طے پانے کے بعد وزارت دفاع اور سول ایوی ایشن کی طرف سے لینڈنگ رائٹس بھی دے دیے گئے۔

'ایکسپریس انویسٹی گیشن سیل' کوحاصل ہونے والی مصدقہ معلومات کے مطابق ملائیشیا کی ایئرلائنزجسے اپنے ملک میں بہترین ایئر لائن کادرجہ حاصل ہے نے پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کرنے کامعاہدہ کرلیاہے اوراس سلسلے میں آئندہ ماہ مارچ سے آپریشن کالاہور سے باضابطہ آغاز کردیا جائے گا۔ معاہدہ طے پانے کے بعد وزارت دفاع اور سول ایوی ایشن کی طرف سے لینڈنگ رائٹس کی اجازت اور دیگر معاملات کو بھی حتمی شکل دی جا چکی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملائیشین ایئر لائنز پاکستان میں بجٹ پروازیں چلائے گی جو بہترین سہولتوں کے باوجود انتہائی سستی ہوں گی۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق اس معاہدے کوکسی رکاوٹ سے بچانے کے لیے انتہائی خفیہ رکھ کرپایہ تکمیل تک پہنچایاگیاہے۔ اس ایئر لائن کامارچ 2013 میں2 ممالک ملائیشیا اور انڈونیشیا کے اشتراک سے آغاز کیا گیا تھا اور اس میں ملائیشیا کے51فیصد جبکہ انڈونیشیاکے49 فیصد حصص ہیں اوراسی مناسبت سے اس کانام میلنڈورکھاگیاہے۔

اس سلسلے میں جب سرکاری موقف جاننے کے لیے سول ایوی ایشن کے ترجمان پرویزجارج سے رابطہ کیاگیاتوانھوں نے کہاکہ وہ فی الحال اس خبرکے بار ے میں ہاں یانہ میں جواب نہیںدے سکتے، اس بارے میںموقف معلوم کرنے کے لیے انھیں وقت درکارہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں