پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

قومی ایئرلائن کا آپریشن بحال ہوچکا مسافر بکنگ شیڈول کےمطابق ایئرپورٹس آسکتے ہیں، ترجمان پی آئی اے


ویب ڈیسک February 09, 2016
ہم نے اپنی اہم قومی ذمہ داری کو پیش نظر رکھتے ہوئے آج سے اپنا احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا، سہیل بلوچ، فوٹو؛ ایکسپریس/ محمد نعمان

پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ملک بھر میں جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملازمین کو پورے طریقے سے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔



کراچی میں پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین سہیل بلوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی بہتری کےلیے کچھ ذمہ داروں سےرابطے ہوئے ہیں، ہم نے اپنی اہم قومی ذمہ داری کو پیش نظر رکھتے ہوئے آج سے اپنا احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ملازمین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پورے طریقے سے فلائٹ آپریشن بحال کریں جب کہ آپریشن کی بحالی میں کوئی شخص بھی رکاوٹ پیدا کرے تو ہمیں اس سے آگاہ کیا جائے۔



سہیل بلوچ نے کہا کہ ہمیں جو یقین دہانی کرائی گئی ہے اس کے بعد کوئی جواز نہیں کہ آپریشن کو بند رکھا جائے، ہماری جو بات طے ہوئی ہے وہ تھوڑی مختلف ہے جس کی اس وقت وضاحت نہیں کرسکتے، سارے مسائل ایک مہربان دوست کے سبب حل ہوئے اور معاملات طے کرانے والے دوستوں کے نام نہیں بتاسکتے تاہم ایک دو روز میں چیزیں واضح ہوجائیں گی۔



چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ملاقات کے لیے لاہور جارہے ہیں اور امید ہے کہ اس کے نتائج حوصلہ افزا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے خلاف تمام مسائل مذاکرات سے حل کیے جائیں گے، امید ہے کہ آنے والے دن پی آئی اے اور اس کے ملازمین کے لیے بہتر ثابت ہوں گے، ہم بتاسکتے ہیں کہ ایئرلائن کس طرح ترقی کرسکتی ہیں، ہمیں سپورٹ اور گائیڈ لائن کی ضرورت ہے، اگر ہمیں موقع ملا اور ملازمین کی شراکت اور اس میں سزا و جزا کا نظام قائم ہوا تو کوئی وجہ نہیں کہ پی آئی اے 6 ماہ میں بھی کمال دکھا سکے۔



سہیل بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومتی نمائندوں سے میٹنگ کے بعد میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا، جو چیزیں طے ہوں گی وہ بتائیں جائیں گی تاہم فی الحال کچھ چیزیں بتائی نہیں جاسکتیں۔



دوسری جانب جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ہڑتال ختم کرنے کے بعد ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کا اندرون و بیرون ملک فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال ہوچکا ہے، مسافر بکنگ شیڈول کے مطابق ایئرپورٹس آسکتے ہیں۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان کی جانب سے ہڑتال کے دوران 8 روز تک مسافروں کی تکالیف پر ان سے معذرت بھی کی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور پہنچنے پر میڈیا سے بات چیت میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چئیرمین سہیل بلوچ کا کہنا تھا کہ مسئلےکےحل کےلیےبھرپورکوشش کی جب کہ ہم نے ایک مہینےکاوقت اور پی آئی اے کو سعد رفیق کےحوالےکرنےکابھی مطالبہ کیاتھا تاہم حکومت نےہماری بات سنی اوراہمیت دی لہذا امید ہےکہ حکومت کےساتھ مذاکرات کامیاب ہوجائیں گے۔

سہیل بلوچ نے کہا کہ پی آئی اےکودوبارہ پیروں پرکھڑاکرناچاہتےہیں لہذا اگر ایک سال کاموقع دیاجائےتوپی آئی اےکودوبارہ کامیاب ادارہ بنادیں گے جب کہ احتساب کاعمل ہوگاتوپی آئی اے بھی ترقی کرےگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحاتی پروگرام موجودہےجوحکومت کےسامنےرکھیں گے اور حکومت کونجکاری کامتبادل پلان بھی پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کئی روز سے جاری تھی جس کے سبب قومی ایئرلائن کو اربوں روپے کا نہ صرف نقصان اٹھانا پڑا بلکہ احتجاج کے باعث اندرون و بیرون ملک پی آئی اے سے سفر کرنے والے مسافر بھی انتہائی پریشانی کا شکار رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |