سی این جی اسٹیشن بند رکھنے والے مالکان کے خلاف کارروائی کی جائیگیکمشنر کراچی

شہر بھر میں جہاں بھی سی این جی اسٹیشن کی بند ش کی شکایت موصول ہوئی اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی


ویب ڈیسک November 05, 2012
شہر بھر میں جہاں بھی سی این جی اسٹیشن کی بند ش کی شکایت موصول ہوئی اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، کمشنر کراچی، فوٹو: ایکسپریس نیوز

کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ طے شدہ شیڈول کے علاوہ سی این جی اسٹیشن بند رکھنے والے مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

کراچی میں اپنے دفتر میں آل پاکستان سی ا ین جی ایسوسی ایشن سندھ زون کے چیئر مین سمیر گلزار اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کے بعد کمشنر کراچی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں جہاں بھی سی این جی اسٹیشن کی بند ش کی شکایت موصول ہوئی اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور اسٹنٹ کمشنر اور مختار کاروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں ۔

ہاشم رضا زیدی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سی این جی کی قیمت میں کمی کے فیصلے پر ہر صورت میں عمل درآمد کرایا جائے گا ، اس بار ے میں کوئی عذر قابل قبول نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ڈپٹی کمشنر ،اسٹنٹ کمشنرز اور مختار کاروں کو سی این جی اسٹیشنز کی مانیٹرنگ کی ہدایت کردی گئی ،جو سی این جی اسٹیشن بند پایا گیا اس کے لائنسنس کو منسوخ کرنے کیلئے متعلقہ اتھارٹی سے سفارش کریں گے ۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ سی این جی ایسوسی ایشن کے جو تحفظات ہیں اس کے بارے میں سفارشات تیار کرکے متعلقہ حکام کو بھیجی جائیں گی ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے حکومتی فیصلے پر ہر صورت عمل درآمد کرایا جائے گا ، کرایوں میں کمی کے فیصلے پر عمل نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف ڈپٹی کمشنرز اور اسٹنٹ کمشنر کارروائی کریں گے ۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون کے چیئر مین سمیر گلزار نے کہا کہ شہر بھر میں سی این جی اسٹیشنز کی بند ش ایسوسی ایشن کا فیصلہ نہیں ہے، مالکان نے اپنی مرضی سے اسٹیشن بند کررکھے ہیں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کے پریشر میں کمی کی وجہ سے بھی سی این جی اسٹیشن بند رکھنا پڑتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنے کو تیار ہیں لیکن حکومت سی این جی پر عائد ٹیکس میں کمی کرے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں