پی ایس ایل ابتدائی مرحلے میں سپر اسٹارز کی چمک ماند پڑ گئی

آئیکون پلیئرزگیل،کیون پیٹرسن،شین واٹسن، شعیب ملک اور شاہد آفریدی میں سے کوئی ففٹی کا سنگ میل بھی عبور نہ کرسکا


Sports Reporter February 10, 2016
لیوک 153رنز کیساتھ سرفہرست،بولنگ میں سب سے زیادہ 8وکٹیں محمد نواز نے لیں،آج شارجہ میں اسلام آباداور لاہورمدمقابل فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی مرحلے میں سپراسٹارز کی چمک ماند پڑگئی،آئیکون پلیئرز کرس گیل، کیون پیٹرسن، شین واٹسن، شعیب ملک اور شاہد آفریدی میں سے کوئی ففٹی کا سنگ میل بھی عبور نہ کرسکا.

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں شریک بیشتر مہنگے ترین کرکٹرز تاحال شائقین اور اپنی فرنچائزز کی توقعات پر پورا نہیں اترسکے ہیں، آئیکون پلیئرز میں شامل کیون پیٹرسن نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 4 میچز میں 84 رنز بنائے، اسلام آباد کے واٹسن 3 مقابلوں میں 56، کراچی کنگز کے شعیب ملک 55 اور پشاور زلمی کے شاہد آفریدی 16 رنز جوڑ پائے ہیں، کسی کو ففٹی کا اعزاز پانے کا موقع بھی نہیں مل سکا، لاہور قلندر کی امیدوں پر پانی پھیرنے والے کرس گیل نے 2 میچز میں صرف 6 رنز بنائے اور تیسرے سے قبل ان فٹ ہوگئے۔

بیٹسمینوں کی فہرست میں لیوک رائٹ 4میچز میں 153رنز کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہیں،تمیم اقبال نے 3مقابلوں میں 120، عمر اکمل نے 2میں 114رنز بنانے کے ساتھ ایونٹ کی سب سے بڑی 93رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل کیا، احمد شہزاد ایک اننگز کے سوا دیگر میں ناکام رہتے ہوئے 4میچز میں113رنز اپنے نام کے آگے درج کر پائے ہیں، اس کے بعد کیمرون ڈیلپورٹ 90 اور شکیب الحسن 88رنز کے ساتھ نمایاں ہیں،دیگر نامی گرامی بیٹسمینوں میں 3،3 میچ کھیل کر لینڈل سیمنز74، روی بوپارا 72، اظہر علی69، محمد حفیظ 64، مصباح الحق57،ڈیوائن براوو51،جیمز ونس 35، ڈیوڈ میلان 34،سیم بلنگز 32، کامران اکمل14 اورایلٹن چگمبرا 10رنز بنا سکے ہیں،سرفراز احمد نے 4 مقابلوں میں 54رنز اسکور کیے۔

ایونٹ میں اب تک سب سے بڑا ٹوٹل 3وکٹ پر 194رنز لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف بنایا،اتفاق سے کم ترین مجموعہ 6وکٹ پر 117 بھی اسی ٹیم نے اسکور کیا، مقابل سائیڈ پشاور زلمی تھی۔بولنگ میں بھی اسٹارز کی کارکردگی واجبی رہی،وہاب ریاض اور انورعلی کے سوا کوئی ٹاپ 5بولرز کی فہرست میں شامل نہیں، دونوں نے بالترتیب 6 اور 5وکٹیں حاصل کی ہیں۔

محمد نواز 11.50 کی اوسط سے 8شکار کرکے سرفہرست ہیں،محمد اصغر نے9.66اور ظفر گوہر نے 8.60کی ایوریج سے 5وکٹیں لیں،شان ٹیٹ اور عمرگل4،4جبکہ شاہد آفریدی، جنید خان اور شکیب الحسن 2،2، شعیب ملک سہیل تنویر اور شین واٹسن ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، محمد عرفان صرف ایک میچ کھیلے اور 3اوورز میں 33رنز دیے،اننگز میں بہترین بولنگ بھی محمد نواز نے کی،انھوں نے صرف 13رنز کے عوض 4وکٹیں اڑائیں،ظفر گوہر نے اتنے ہی شکار کرنے کیلیے 14رنز دیے،محمد عامر نے ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کیا، وہاب ریاض، اجنتھا مینڈس، محمد اصغر، سعید اجمل، آندرے رسل اور محمد نواز نے ایک اننگز میں 3،3وکٹوں کا کارنامہ سرانجام دیا۔

ٹیموں کی کارکردگی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4میچز میں 6پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، پشاور زلمی 3مقابلوں میں 4کے ہمراہ دوسرے نمبر پر ہیں،کراچی کنگز،لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے صرف ایک ایک فتح کے ساتھ 2،2پوائنٹس حاصل کیے۔ دوسری جانب ایک روز آرام کے بعد کھلاڑی بدھ سے دوبارہ ایکشن میں ہونگے، اب آئندہ چند روز تک میزبانی شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کریگا، بدھ کو اسلام آباد یونائٹیڈ اور لاہور قلندرز کے پلیئرز شائقین کو اپنے کھیل سے لطف اندوز کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں