شیخوپورہ میں ایل پی جی ٹینکر اور کار میں تصادم سے 12 افراد جاں بحق

ٹینکر اور کار میں تصادم نے دیگر گاڑیوں اور قریبی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے. فوٹو: فائل

کوٹ وار میں دھند کے باعث ایل پی جی ٹینکر اور کار میں تصادم کے بعد آگ لگنے سے 12 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے میں مانا والہ میں کوٹ وار کے قریب ایل پی جی ٹینکر دھند کے باعث مخالف سمت سے آتی کار سے ٹکرا گیا جس سے فوراً آگ بھڑک اٹھی، آگ نے مزید 2 گاڑیوں، 2 رکشوں اور قریبی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں 12 افراد جھلس کر جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 شیخوپورہ کے انچارج ڈاکٹراعظم کے مطابق ایل پی جی سے بھرا ایک ٹینکرسڑک پر مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرایا تو تصادم کی وجہ سے ٹینکر میں دھماکے سے آگ لگ گئی جس نے قریبی دکانوں اور گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لیا تاہم امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ننکانہ صاحب کے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا۔


مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں تاخیر سے پہنچنے کے باعث نقصان زیادہ ہوا، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 

Load Next Story