خیبرپختونخوا میں 90 دن میں کرپشن تو ختم نہ ہوئی لیکن ادارہ ختم ہوگیا پرویز رشید

ڈھائی سال گزرنے کے باوجود عمران خان اپنی جماعت میں تبدیلی نہ لاسکے، وفاقی وزیراطلاعات


ویب ڈیسک February 10, 2016
ڈھائی سال گزرنے کے باوجود عمران خان اپنی جماعت میں تبدیلی نہ لاسکے ، وفاقی وزیراطلاعات- فوٹو: فائل

وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ انصاف کا نظام رائج کرنے والوں کے چہروں سے نقاب ہٹ چکا ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں 90 دن میں کرپشن تو ختم نہ ہوئی لیکن ادارہ ختم ہوگیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر پرویزرشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بدعنوانی کے خلاف دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ڈھائی سال گزرنے کے باوجود وہ اپنی جماعت میں تبدیلی نہ لاسکے جب کہ خیبرپختونخوا میں 90 دن میں کرپشن تو ختم نہ ہوئی البتہ کرپشن کا احتساب کرنے والا ادارہ ضرور ختم ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے قائم کردہ احتساب کمیشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ احتساب کے نام پر دھوکا دے رہے ہیں۔

پرویز رشید نے کہا کہ احتساب کمیشن کی جانب سے کرپشن کے الزام میں گرفتار وزیر نے سب کے کرتوت سامنے لانے کی دھمکی دی ہے اس لیے اب وزیر کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر کمیشن کے سربراہ نے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے اسپتالوں کے لیے بنائے گئے قوانین کو عمران خان نے اپنا لیا اس لیے عمران خان کو چاہیے کہ وہ شہباز شریف کو اپنا استاد بنا لیں۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے ایک انصاف پسند سابق جج نےعلیحدگی اختیار کرلی، جسٹس وجیہہ الدین نے پارٹی انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کا ساتھ دینے پر استعفیٰ دیا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری ڈھائی سال کی کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے جب کہ ورلڈ بینک کے صدر نے بھی پاکستان کی اقتصادی ترقی کو سراہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں