پاکستان سپرلیگ میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے

پشاورزلمی کا مقابلہ کراچی کنگز اور دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے جوڑ پڑے گا۔

پشاورزلمی کا مقابلہ کراچی کنگز اور دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے جوڑ پڑے گا۔ فوٹو: فائل

LONDON:
پاکستان سپرلیگ کا فیور زوروں پر پہنچ گیا اور شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کانٹے کے مقابلوں کو دیکھتے ہوئے بیٹسمینوں اور بلے بازوں نے بھی کمر کس لی.

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز مدمقابل ہوں گی اور میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا جب کہ دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔ پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر پشاور زلمی نے اب تک 3 میچز کھیلے جسمیں اسے 2 میں کامیابی اورایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اوراس طرح وہ 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ کراچی کنگز نے بھی اب تک 3 میچز کھیلے جس میں اسے صرف ایک میں کامیابی حاصل ہوئی اور 2 میں ناکامی کے بعد یہ چوتھے نمبر پرہے۔


پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان آج ہونے والا مقابلہ اس وجہ سے دلچسپ قراردیا جارہا ہے کہ شارجہ کی پچ بیٹسمینوں کے لئے انتہائی سازگار ہے اور کراچی کنگز کے پاس کپتان شعیب ملک، افتخاراحمد، مشفق الرحیم،شکیب الحسن،جیمز ونز اور عماد وسیم جیسے ہارڈ ہٹر موجود ہیں جب کہ بولنگ کے شعبے میں اسے لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر، سہیل تنویر، روی بوپارا اور سہیل خان جیسے بولرز کا ساتھ حاصل ہے۔

دوسری جانب پشاور زلمی بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہی شعبوں میں بڑے نام رکھتی ہے، اسے بیٹنگ میں محمدحفیظ، تمیم اقبال،ڈیوڈ ملان،کامران اکمل،ڈیرن سیمی اور شاہد آفریدی جیسے بلے بازوں کا ساتھ حاصل ہے جب کہ بولنگ میں شان ٹیٹ،وہاب ریاض،جنید خان اور کرس جورڈن جیسے میچ ونر بولرز کی کھیپ ہے۔

پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر سرفرازاحمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفہرست ہے جس نے اب تک 4 میچز میں سے تین میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا منہ دیکھا اور6 پوائنٹس حاصل کئے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ تین میچ کھیل کر صرف ایک میں ہی کامیابی حاصل کرسکی اور اس طرح یہ 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری پوزیشن پر براجمان ہے۔
Load Next Story