دہشتگرد اسلامی تعلیمات کے نہیں بلکہ وحشت پھیلانے والی قوتوں کے آلہ کار ہیں مفتی اعظم فلسطین

داعش جیسی تنظیموں کا مقصد فلسطینیوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو کمزور کرنا ہے، ڈاکٹر محمد احمد حسین

داعش جیسی تنظیموں کا مقصد فلسطینیوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو کمزور کرنا ہے، ڈاکٹر محمد احمد حسین، فوٹو؛ فائل/ ایکسپریس

مفتی اعظم فلسطین ڈاکٹرمحمد احمد حسین کا کہنا ہے کہ امت مسلمہ کے نوجوانوں کو ایسے گروہوں اور جماعتوں سے دور رہنا چاہیے جو بے گناہ انسانیت کو قتل کرتے ہوں کیوں کہ بچوں، عورتوں اوربوڑھوں کو قتل کرنے والے اسلامی تعلیمات کے نہیں بلکہ دہشت و وحشت پھیلانے والی قوتوں کے آلہ کار ہیں۔

لاہور کے بحریہ ٹاؤن میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفتی اعظم فلسطین ڈاکٹرمحمد احمد حسین کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کے نوجوانوں کو ایسے گروہوں اور جماعتوں سے دور رہنا چاہیے جو بے گناہ انسانیت کو قتل کرتے ہوں کیوں کہ بچوں، عورتوں اوربوڑھوں کو قتل کرنے والے اسلامی تعلیمات کے نہیں بلکہ دہشت و وحشت پھیلانے والی قوتوں کے آلہ کار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش جیسی تنظیموں کا مقصد فلسطینیوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو کمزور کرنا ہے جب کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف تمام امت کومتحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔


مفتی اعظم فلسطین نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دلوں میں فلسطین کی محبت ہر لمحہ موجود ہے اور ایسے ہی فلسطینی قوم پاکستانی قوم سے محبت رکھتی ہے اور وہ وقت قریب آنے والا ہے جب فلسطین آزاد ہو گا اور ہم سب مل کر الاقصیٰ میں نوافل ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم فتنہ اور شر پھیلانے والے گروہوں سے دور رہیں اور متحد ہو کر پاکستان کو مضبوط بنائیں کیونکہ پاکستان کا استحکام فلسطین اور عالم اسلام کا استحکام ہے۔

ڈاکٹرمحمد احمد حسین کا کہنا تھا کہ جب دہشت گرد اور انتہاپسند بے گناہ پاکستانیوں کو قتل کرتے ہیں اور بچوں کو اسکولوں اور کالجوں میں ذبح کیا جاتا ہے تو اہل فلسطین کے دل روتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج عالم اسلام کی عظیم فوج ہے اور پاکستانی فوج نے مشکل حالات میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف آپریشن ضرب عضب کرکے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں امن کی فضا میں بہتری آئی ہے۔ انہوں پاکستان علما کونسل کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جس نے انہیں پاکستان او ر اہل پاکستان سے ملنے کا موقع فراہم کیا۔

Load Next Story