پاکستان جلد موٹرسائیکل کابڑاایکسپورٹر بن جائیگا ایم ڈی ہونڈا

اٹلس ہونڈا 5 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری سے پیداوار 10 لاکھ تک بڑھانے کیلیے اسٹڈی کررہی ہے۔


Business Reporter November 06, 2012
سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان و افریقی ممالک کو ایکسپورٹ زیر غور ہے، ثاقب شیرازی فوٹو : فائل

SUKKUR: پاکستان جلد ہی اعلیٰ معیار کی موٹرسائیکل کی مینوفیکچرنگ اور ایکسپورٹ کے لحاظ سے دنیا کے 5 بڑے ملکوں میں شمار ہو گا۔

اس سال پیداوار بڑھانے کیلیے 3.5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، پاکستان موٹرسائیکل کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے، پیداواری استعداد 10 لاکھ یونٹس تک بڑھانے کیلیے اسٹڈی کی جارہی ہے۔ یہ بات ہونڈا موٹر کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر ٹی اویاما نے ہونڈا کے پاکستان میں نئے ماڈل پریڈر (Pridor) کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کی سخت محنت کی بدولت آج اٹلس ہونڈا ایک ایسے موڑ پر کھڑی ہے جہاں فروخت اور پیداوار ملکی تاریخ کے اعلیٰ ترین معیار کو چھونے کے قریب ہے، یہ بڑی حوصلہ افزا بات ہے کہ اس سال 3.5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے بعد اٹلس ہونڈا نے اپنی موٹرسائیکل پیداوار کو بڑھتی ہوئی مقامی طلب کوذہن میں رکھتے ہوئے 7 لاکھ 50 ہزار ماہانہ تک بڑھا لیا ہے کیونکہ یہ دنیا کی سب سے بڑی موٹر سائیکل مارکیٹ ہے جو خطے کے ممالک کو برآمدکرنے کی حیثیت رکھتی ہے۔

موٹر سائیکل کے یہ بڑے مینوفیکچرر اپنی پیداواری استعداد کو 10لاکھ یونٹس تک پھیلانے کیلیے ایک اسٹڈی میں مصروف ہیں جس پر ایک اندازے کے مطابق 5کروڑڈالر اضافی لاگت آنے کا اندازہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلس گروپ پاکستان کے یوسف ایچ شیرازی اور ہونڈا جاپان کے سوئیچارو نے جس تعلق کابیج بویا تھا وہ آج ہونڈا موٹر کمپنی کے دنیا میں کسی بھی جگہ سب سے مشترکہ پروگرام یعنی اٹلس ہونڈا لمیٹڈ کی صورت میں موجود ہے، ایک اور اسٹیٹ آف دی آرٹ 'Pridor' ماڈل کے تعارف سے ملک میں دستیاب تمام ٹیکنالوجیز کو پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے اور اس طرح اٹلس ہونڈا نے پاکستان کی منڈی کے ساتھ اپنے ثابت شدہ عزم کا اعادہ بھی کر دیا ہے، یہ بات بڑی حوصلہ افزا ہے کہ حکومت پاکستان نے خصوصاً ای سی سی کے حالیہ فیصلے کے ذریعے ملک میں مقامی صنعت کی حمایت کی ہے۔

ہونڈا موٹر جاپان کے جنرل منیجر موٹر سائیکل بزنس پلاننگ آیویاما نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہونڈا اسی طرح اعلیٰ ترین معیار کے ہونڈا ماڈل مارکیٹ میںلاتی رہے گی۔ اٹلس گروپ کے صدر عامر شیرازی نے کہا کہ ہم مزید کامیاب ماڈلز کیلیے ہونڈا موٹرز کی ایسی ہی انتہائی مدد کے طلب گار ہیں۔ اٹلس ہونڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ثاقب شیرازی نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈرائیونگ مشین 'Pridor' دھواں چھوڑنے کے سلسلے میں Euro IIمعیار سے تجاوز کرتی ہے جبکہ اس میں زیادہ بنچ مارکس رکھے گئے، حکومت کا نئی ٹیکنالوجی کے سلسلے میں تصورملک میں نئی سرمایہ کاری لانے کیلیے بہت سازگار ہے، اٹلس ہونڈا برآمدات کیلیے سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور کچھ افریقی ممالک میں بڑی سطح پر برآمدات کے امکانات پر غور کررہی ہے، اٹلس ہونڈا اپنے ڈیلرز، سروس میکانکس اورصارفین کو اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں دکھانے کیلیے شیخوپورہ اور کراچی میں واقع اپنے پلانٹس پر لا رہا ہے تاکہ وہ اس اعتماد کے ساتھ واپس جائیں کہ ہونڈا 10لاکھ بائیکس کی پیداوار کیلیے تیار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔