شعیب ملک نے پی آئی اے کو فتح سے ہمکنار کردیا

پریذیڈنٹ ٹرافی میں ناقابل شکست 94 رنز، حبیب بینک 6 وکٹ سے ناکام۔

سوئی ناردرن گیس کی ٹیم زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف 186رنز سے کامیاب۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI:
پریذیڈنٹ ٹرافی میں پی آئی اے نے حبیب بینک کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔

شعیب ملک نے 94 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا،انور علی 31 پر ناٹ آئوٹ رہے، فہد مسعود نے 23رنز کے عوض 3وکٹیں لے کر میچ میں اپنے شکاروں کی تعداد9 کردی،سوئی ناردرن گیس نے زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف 186رنز سے کامیابی حاصل کرلی، حارث سہیل کی ناقابل شکست سنچری بھی ٹیم کو ناکامی سے نہ بچاسکی،اسٹیٹ بینک اور کے آر ایل کا مقابلہ ڈرا ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی کے پانچویں رائونڈ کے چوتھے اور آخری دن حبیب بینک کے خلاف پی آئی اے نے176 کا ہدف 4 وکٹ پر حاصل کیا،ٹیم نے گذشتہ دن کے اسکور 87-3 سے اننگز شروع کی، شعیب ملک نے ففٹی مکمل کرنے کے بعد سنچری کی جانب بھی پیشقدمی جاری رکھی تاہم منزل آجانے پر ان کا یہ ارمان پورا نہیں ہوپایا، ایچ بی ایل کو مزید ایک وکٹ بھی فہد مسعود نے دلائی، شعیب نے145گیندوں پر 94رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔


انور علی نے ناقابل شکست 31رنز اسکور کر کے ان کا بھرپور ساتھ دیا، دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 79رنز کی فتح گر شراکت قائم ہوئی، سابق ٹیسٹ اوپنر شعیب محمد کے صاحبزادے شہزر محمد نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے 251 منٹ تک کریز پر قیام کیا تاہم97 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود صرف 19رنز بنا پائے، البتہ ان کی محتاط ترین بیٹنگ پی آئی اے کیلیے کارآمد ثابت ہوئی۔سوئی ناردرن گیس نے زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف 186 رنز سے کامیابی حاصل کی، فتح کیلیے 408رنز کا تعاقب کرنے والی بینک کی ٹیم قدرے بہتر بیٹنگ کرنے کے باوجود 221 پر آئوٹ ہوگئی۔

چار اختتامی وکٹیں مجموعی میں 101رنز کا اضافہ ممکن بناسکیں، حارث سہیل نے 161 گیندوں پر 117رنز ناٹ آئوٹ اسکور کیے، سمیع اللہ نیازی نے 56رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا،عمران علی، اسد علی اور بلاول بھٹی کے حصے میں2،2 وکٹیں آئیں،سوئی ناردرن نے پہلی باری میں 250رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز 2وکٹ پر 256رنز بناکر ڈیکلیئرڈ کردی تھی، زیڈ ٹی بی ایل پہلی باری میں 99 پر ڈھیر ہوگئی تھی، سمیع نے 6 شکار کیے تھے،میچ میں ان کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 10 ہوگئی۔اسٹیٹ بینک اور کے آر ایل کا مقابلہ ڈرا ہوگیا۔

کے آر ایل نے گذشتہ دن کے اسکور 183-5 پر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی،اسٹیٹ بینک کو کامیابی کیلیے 307رنز کا ہدف ملا تاہم وہ کھیل کے اختتام تک 4وکٹ پر 207رنز بناسکی، فرخ شہزاد73 ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہے، عثمان سعید نے آئوٹ ہوئے بغیر 54 رنز اسکورکیے، محتشم علی نے47 رنز بنائے،محمد عرفان اور نعمان علی نے 2،2 کھلاڑیوں کوواپسی کے پروانے تھمائے۔

Recommended Stories

Load Next Story