ہاکی چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی ٹیم کا 12 نومبر کو اعلان

تربیتی کیمپ میں کارکردگی کی بنیاد پر حتمی اسکواڈ منتخب کیا جائے گا، اختررسول


Sports Reporter November 06, 2012
تربیتی کیمپ میں کارکردگی کی بنیاد پر حتمی اسکواڈ منتخب کیا جائے گا، اختررسول فوٹو : فائل

KARACHI: چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کیلیے قومی ٹیم کا اعلان 12 نومبر کو ہوگا۔

ہیڈ کوچ اور منیجر اختر رسول کے مطابق نئے فارمیٹ کے تحت کوئی سلیکشن کمیٹی موجود نہیں لہذا خصوصی طوپرٹرائلز کرانے کی بھی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ہم تربیتی کیمپ میں روزانہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں اسی کی بنیاد پر حتمی اسکواڈ منتخب کرلیا جائے گا۔ سابق کپتان نے بتایا کہ گذشتہ ایونٹس میں سامنے آنے والی خامیاں دور کرنے پر توجہ مرکوز ہے، کھلاڑی پرفارمنس میں بہتری کیلیے سخت محنت کررہے ہیں، ہماری نظریں ورلڈ کپ 2014 کے وکٹری اسٹینڈ پر ہیںلیکن اس سے قبل مختلف انٹرنیشنل مقابلوں میں ایک اچھی ٹیم کے طور پر یہچان بنانا چاہتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ محمد عرفان نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کرکے ہمیں مشکل فیصلے پر مجبورکیا، فل بیک نے کیمپ کے دوران ایک شادی میں شرکت کیلیے اجازت لی، انہیں کرفیو پالیسی کے مطابق 10 بجے واپس آنا تھا مگر آدھی رات باہر گزار دی، عرفان کو پہلے بھی دوبار وارننگ دی جاچکی تھی با لآخر سخت اقدام کا فیصلہ کرنا پڑا۔ اختر رسول نے کہا کہ ڈسپلن ٹیم مینجمنٹ کی پہلی ترجیح ہے، اس معاملے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، محمد عرفان کے متبادل کھلاڑی کا اعلان جلد ہی کر دیں گے۔ یادرہے کہ قومی ہاکی ٹیم کو یکم دسمبر سے میلبورن میں شروع ہونے والے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل22 نومبر سے پرتھ میں9 اے سائیڈ انٹرنیشنل سپر سیریز میں بھی شرکت کرنی ہے، دونوں ایونٹس کیلیے تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں