حیدر آباد کالونی ملزمان نے میاں بیوی کو ہلاک اور بیٹی کو زخمی کردیا

مقتولین اچارگلی کے دکن ہائٹس میں رہائش پذیر تھے، زخمی لڑکی کی حالت تشویشناک

واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے، مقتول جائیداد کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا، پولیس۔ فوٹو : محمد ثاقب / ایکسپریس

جمشید کوارٹرز کے علاقے حیدر آباد کالونی میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کرمیاں بیوی کو ہلاک اور بیٹی کو زخمی کردیا، ذرائع کے مطابق قتل ہونے والا صلح الدین میمن جائیداد کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا۔


تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹرزکے علاقے حیدر آباد کالونی اچار گلی میں واقع دکن ہائٹس کی دوسری منزل کے فلیٹ میں گھس کر نامعلوم افراد نے اہل خانہ کے ہاتھ پائوں باند ھے اور منہ میں کپڑا ٹھونسنے کے بعد تیز دھار آلے کے وارکرکے قتل کردیا جبکہ بیٹی کو شدید زخمی کردیا، ملزما ن موقع پر سے آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اورہلاک و زخمی کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا ، ڈی ایس پی جمشید کوارٹرز سید قیصر شاہ نے بتا یاکہ قتل ہونے والے میاں بیوی کی شناخت 65 سالہ صلاح الدین میمن ، 55 سالہ طاہرہ زوجہ صلح الدین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی کی شناخت 25 سالہ سمیعہ دختر صلاح الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والی لڑکی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جوکہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میںزیر علاج ہے، جبکہ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا،انھوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے تاہم پولیس اصل حقائق حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جلد اصل حقائق سامنے لاکر ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا ، ذرائع کے مطابق قتل ہونے والا صلح الدین میمن جائیداد کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا۔
Load Next Story