ذوالفقارآبادٹرمینل اگلے ہفتے سے آئل ٹینکرزکی پارکنگ ہوگی

ٹرمینل کے لیے مزید 50 ایکڑ اضافی زمین حاصل کر کے حد بندی کردی گئی.


Staff Reporter November 06, 2012
ٹرمینل پرپولیس چوکی قائم اورفول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے،ٹینکرمالکان کامطالبہ. فوٹو: پی پی آئی/فائل

ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں اگلے ہفتے سے آئل ٹینکرز عارضی طور پر پارک ہونا شروع اورآپریشن کا آغاز کردیا جائے گا۔

جبکہ سندھ بورڈ آف ریوینو سے آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کے لیے مزید 50 ایکڑ اضافی زمین حاصل کرکے اس کی حد بندی کردی گئی اوراس زمین کو آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل میں شامل کرکے تعمیراتی کاموںکا آغازکردیا گیا ، یہ بات ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ محمد حسین سید نے زید او ٹی سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میںسپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کیے گئے نمائندے فیصل سعود، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز الطاف جی میمن، سینئر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن محمد اطہر، پروجیکٹ ڈائریکٹرانصار زیدی، کنسلٹنٹ ندیم انصاری اور انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے افسران کے علاوہ پی ایس او کے جنرل منیجر لاجسٹک امجد محمود ، ڈپٹی جنرل منیجر لاجسٹک میجر مسرور قاسم، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے عاصم شکور اورشعیب اشرف نے شرکت کی۔

ایڈمنسٹریٹرمحمد حسین سید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت شریں جناح کالونی میں پارک کیے جانے والے آئل ٹینکروں کی جلد منتقلی کے سلسلے میں اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس او کے زیرانتظام آئل ٹینکرز کا فلیٹ اپنے آئل ٹینکرزعارضی طور پر زیڈ او ٹی میں پارک کرنا شروع کردیں گے اور باقاعدہ آپریشن کا آغاز کردیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل پر تعمیراتی کام تیزی سے تکمیل کی جانب رواں ہے جس میں مرحلہ وار ٹینکروں کی پارکنگ شروع کی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ 50 ایکڑ مزید زمین کے حصول کے بعد ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کا رقبہ 200 ایکڑ ہوجائے گا اور یہ پاکستان کا سب سے بڑا آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل ہوگا، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی سے درخواست کی کہ انہیں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے ٹرمینل پر پولیس چوکی قائم کی جائے جبکہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے اس اہم نقطے کی طرف بھی توجہ مبذول کروائی کہ زیڈ او ٹی میں آئل ٹینکرز کی پارکنگ شروع ہونے کے بعد بھی شیریں جناح کالونی پر آئل ٹینکرز کی پارکنگ کا مسئلہ حل نہیں ہوگا کیونکہ محکمہ کسٹم کی جانب سے غیر ضروری تاخیر کے باعث آئل ٹینکرز کو پانچ سے سات روز تک شیریں جناح کالونی میں رکنا پڑتا ہے،تمام کاغذی کارروائی مکمل ہونے تک ٹینکروں کو یہاں سے جانے کی اجازت نہیں ہوتی لہٰذا سپریم کورٹ کی توجہ اس مسئلے کی جانب بھی مبذول کروائی جائے،آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے اس مسئلے کے حل کیلیے ایک وفد بھی سپریم کورٹ بھیجنے کا عندیہ دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |