جیالے کی ہلاکت وزیراعظم آزاد کشمیر کا آج سوگ کا اعلان

مسلم لیگ (ن) عام انتخابات سے قبل دھاندلی کرنا چاہتی ہے لیکن ہم انھیں ایسا نہیں کرنے دیں گے، چوہدری عبدالمجید

پی پی کارکن کی ہلاکت کا واقعہ چوہدری عبدالمجید کی اشتعال انگیز تقریر کے باعث پیش آیا، صدر (ن) لیگ آزاد کشمیر۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے پارٹی جیالے کی ہلاکت پر آج سوگ کا اعلان کیا ہے۔

کوٹلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری عبدالمجید کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی بے جا مداخلت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور آج آزاد کشمیر میں یوم سوگ منایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے جاں بحق ہونے والے جیالے کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، مسلم لیگ (ن) عام انتخابات سے قبل دھاندلی کرنا چاہتی ہے لیکن ہم انھیں ایسا نہیں کرنے دیں گے۔


دوسری جانب مظفرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر اور اپوزیشن لیڈر فاروق حیدرکا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کا واقعہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی اشتعال انگیز تقریر کے باعث پیش آیا، نکیال کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی آزادکشمیر میں انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتی اور ایسے حالات پیدا کرنا چاہتی ہے جن سے وفاق کو ایمرجنسی لگانا پڑے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم سے پی پی کا ایک جیالہ جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

Load Next Story