شیخ الجامعہ اردو بننے کی پیشکش ہوئی تو غور کرونگا افتخار عارف

اسلام آباد کی یونیورسٹی میں پڑھا رہا ہوں، وائس چانسلر بنائے جانیکا علم نہیں


ایکسپریس July 19, 2012
اسلام آباد کی یونیورسٹی میں پڑھا رہا ہوں، وائس چانسلر بنائے جانیکا علم نہیں۔ فوٹو/ایکسپریس

وفاقی اردو یونیورسٹی میں سینیٹ کی منظوری کے بغیر ایڈہاک وائس چانسلر کے عہدے کے متوقع امیدوارمعروف شاعرافتخارعارف نے کہاہے کہ انھیں وائس چانسلربنائے جانے کے معاملے کاعلم نہیں تاہم اگر پیشکش ہوئی تومعاملے پر ضرورغورکریں گے۔

''ایکسپریس''سے فون پربات چیت کرتے ہوئے افتخار عارف کاکہناتھا کہ وہ ایک ماہرتعلیم ہیں اور اس وقت اسلام آباد کی ایک یونیورسٹی میں تدریسی فرائض بھی انجام دے رہے ہیں لہٰذا اگر ایسی کوئی صورت ہوئی تواس معاملے پر غورکیا جائے گا، انھوں نے مزید بتایاکہ وہ نیشنل بک فائونڈیشن اور مقتدرہ قومی زبان کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں، اردو یونیورسٹی کراچی کے دونوں کیمپسز میں ان کی سینیٹ کی منظوری کے بغیر تقرری کے امکان کے معاملے پر احتجاج کیے جانے کے حوالے سے ان کا کہناتھاکہ وہ اس معاملے سے لاعلم ہیں اور نہیں جانتے کہ اساتذہ کا کیامطالبہ ہے،

واضح رہے کہ وفاقی اردویونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کو10 فروری کوجامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے عہدے کا چارج سنبھال چکے ہیں تاہم یونیورسٹی کے چانسلرسیکریٹریٹ کی جانب سے سینیٹ کااجلاس بلائے نہ جانے کے سبب وہ اس وقت اردو یونیورسٹی میں بھی شیخ الجامعہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم ان کے قریبی ذرائع کاکہناہے کہ وہ جلد اردویونیورسٹی میں وائس چانسلرکے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں