کوٹلی واقعے کے پیچھے اصل کردار وزیراعظم آزاد کشمیر کا ہےڈاکٹرآصف کرمانی

چوہدری عبدالمجید کےدل میں چورہے اوروہ واقعے کی تحقیقات کرانے کے بجائے اپنی قیادت کو غلط اطلاعات دے رہے ہیں،معاون خصوصی


ویب ڈیسک February 14, 2016
چوہدری عبدالمجید کےدل میں چورہے اوروہ واقعے کی تحقیقات کرانے کے بجائے اپنی قیادت کو غلط اطلاعات دے رہے ہیں،معاون خصوصی۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: وزیر اعظم نواز شریف کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ قتل کے گھناؤنے فعل کے پیچھے اصل کردار وزیر اعظم آزاد کشمیرکا ہے اور ناقابل معافی جرم پر چوہدری عبدالمجید فوری استعفیٰ دے کر گھر جائیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ کوٹلی میں رونما ہونے والا واقعہ افسوس ناک تھا لیکن اس سے زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ حکومت آزاد کشمیر بشمول وزیراعظم چوہدری عبدالمجید واقعے کو غلط انداز میں پیش کررہے ہیں، مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے ن لیگ کے حامیوں پر حملہ کیا گیا اور یوتھ ریلی میں اخلاق باختہ نعرے بازی بھی کی گئی جس کے دفاع میں ایک شخص کی ہلاکت ہوئی جب کہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی اور وزیر اعظم آزاد کشمیر ریلی کے شرکا کو باقاعدہ ہدایات جاری کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ آزاد کشمیر کی حکومت کا فرض تھا لیکن آزاد کشمیر پولیس نے پیپلز پارٹی کے حملہ آوروں کی حوصلہ افزائی کی، لیگی کارکنان کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور واقعے کے بعد جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کا انتظار کئے بغیر ہی (ن) لیگ کے کارکنوں پر بے بنیاد مقدمات بناکر انہیں گھروں سے گرفتارکیا جارہا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قتل کے گھناؤنے فعل کے پیچھے اصل کردار وزیراعظم آزاد کشمیر کا ہے جنہوں نے ایک پرامن خطے میں قتل وغارت گری کو ہوا دی اوراب وہ اپنی نااہلی اور کرپشن کو چھپانے کے لئے الزامات عائد کررہے ہیں، غفلت کے مرتکب وزیراعظم عبدالمجید کو استعفیٰ دے کر گھر جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے کارکنان کو پرامن رہنے کی ہدایت کی ہے اور جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے انتظار کا کہا ہے لیکن وزیراعظم آزاد کشمیرکے دل میں چورہے اور وہ واقعے کی تحقیقات کرانے کے بجائے اپنی قیادت کو غلط اطلاعات دیتے ہوئے غلط بیان بازی بھی کررہے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے پیش کش کی کہ کوٹلی واقعے پر کسی بھی ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں واقعے کی شفاف تحقیقات کرا لیں ہم تیار ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف ذرداری کو چاہئے کہ وہ پیپلزپارٹی کا ذہین شخص بھیجیں اور چوہدری عبدالمجید سے استعفیٰ طلب کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں