دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فتح کے سوا آپشن نہیں پرویز اشرف

چیف الیکشن کمشنرکااتفاق رائے سے تقرر نیک فال ہے، امیدہے یورپی یونین الیکشن کے جائزہ کیلئے مبصربھیجے گی

لاگوس کے شہر وینتیان میں وزیراعظم راجا پرویز اشرف نویں ایشیا یورپ سربراہ اجلاس کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو : اے پی پی

ISLAMABAD:
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جنگوں اور لڑائیوں سے غربت اور احساس محرومی پیدا ہوتا ہے۔

خطے کے ممالک کیلئے ضروری ہے کہ وہ مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے اختلافات حل کریں۔ پیر کو یہاں9 ویں ایشیا یورپ سربراہ اجلاس سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان نے امن اور خوشحالی کی خاطر بے پناہ قربانیاں دی ہیں جن کا اعتراف کیا جانا چاہیے، افغانستان میں تین دہائیوں سے جاری لڑائی کے باعث سیکیورٹی کی صورتحال نے ہمارے لوگوں کو اجازت نہیں دی کہ وہ اتنی خوشحالی حاصل کر سکیں جس کے وہ مستحق ہیں، توانائی، پانی کے بحران اور دہشت گرد ی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، ایشیا اور یورپ دونوں حالیہ برسوں کے دوران مالی بحرانوں سے گزرے ہیں ، دونوں کیلئے یہ وقت ہے کہ وہ تلخ حقائق سے سبق سیکھیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو احترام دیا جائے۔


اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال بھی انتہا پسندی کی ایک صورت ہے، مذہبی منافرت سے گریز کرنا ہوگا۔ پاکستان ایشیا یورپ سربراہ اجلاس کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انھوں نے بنگلہ دیش، ناروے اور سوئٹزرلینڈ کی فورم میں رکنیت کا بھی خیر مقدم کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم پرویز اشرف نے لائوس کے اپنے ہم منصب تھونگ سنگھ تھمونگ سے ملاقات کی، پرویز اشرف نے اجلاس کے انتظامات اور اپنے پرتپاک استقبال پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور لائوس کے درمیان ترجیحی تجارت کے معاہدے پر بات چیت خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہی ہے، انہوں نے تھونگ سنگھ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی ۔

وزیراعظم نے ملائشیا کے ہم منصب داتو سری محمد نجیب الدین تن عبدالرزاق سے بھی ملاقات کی اور ملک میں شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان عام انتخابات کی طرف بڑھ رہا ہے ، پیپلز پارٹی کی حکومت پہلی منتخب جمہوری حکومت ہو گی جو اپنی مدت پوری کرے گی ، اتفاق رائے سے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی ملک میں جمہوریت کیلئے نیک فال ہے، ملائشین وزیراعظم نے کہا کہ وہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ یورپی کونسل کے صدر وین رومپوئے سے گفتگو میں وزیراعظم پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستانی عوام نے جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دیں، دہشتگردی کے خاتمہ تک جنگ جاری رکھیں گے، امید ہے یورپی یونین عام انتخابات کے جائزہ کیلئے اپنے مبصر بھیجے گی ۔

وین رومپوئے نے کہا کہ یورپی یونین دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے۔ سویڈن کے وزیر خارجہ کارل بلٹ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان عام انتخابات کے غیر جانبدارانہ اور شفاف انعقاد کیلئے پرعزم ہے، دہشتگردی کا چیلنج بڑا ہے لیکن ہمارا عزم بھی کم نہیں ہے، ہمارے پاس اس جنگ میں کامیابی کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔ وزیراعظم روسی ہم منصب دمتری میددوف سے بھی ملے ، اس دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story