سارک اسپیکر کانفرنس یورپی یونین طرز پر مشترکہ پارلیمنٹ کی پاکستانی تجویز سے اتفاق

یوتھ فورم پر بھی بات ہوئی، فہمیدہ، جمہوری ادارے مضبوط ہو رہے ہیں، میراکمار، جمہوریت بہترین نظام حکومت ہے، اسپیکرمالدیپ


APP/Numainda Express November 06, 2012
اسلام آباد: بھارتی اسپیکر پارلیمنٹ میرا کمار سارک اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کررہی ہیں۔ فوٹو : اے پی پی

بھارت سمیت اہم سارک ممالک نے یورپی یونین کی طرز پر مشترکہ سارک پارلیمنٹ کی پاکستان کی تجویزکوقابل عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے ممالک کے درمیان تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلیے مذاکرات اور بات چیت ہی واحد ذریعہ ہے۔

چھٹی سارک اسپیکرز کانفرنس کے دوسرے روز بھارت، مالدیپ، سری لنکا کے اسپیکرز اور دیگر ممالک کے مندوبین نے میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کو عملی جامہ پہنانے، خطے میں امن، فوڈ سیکیورٹی اور ماحولیاتی مسائل کے حل کیلیے مل کر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹرفہمیدہ مرزا نے کہا کہ سارک پارلیمنٹ کے قیام کی تجویز پر غور کی ضرورت ہے، اسپیکرز کانفرنس میں خواتین پارلیمنٹرینز کی کمیٹی بنانے اور نوجوانوں کیلیے فورم بنانے پر بات ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سپیکرز کانفرنس آئندہ سال مالدیپ میں ہو گی۔ بھارتی لوک سبھا کی اسپیکر میرا کمار نے کہا کہ جب دوسرے ممالک ایسی پارلیمنٹ بنا سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں ۔ مالدیپ کے اسپیکر عبداللہ شاہد نے کہا کہ سارک کو فعال بنا کر ہم اپنے مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔ سری لنکا کے ڈپٹی اسپیکر چندیما ویراک کودے نے کہا کہ خطے کے ممالک کو دہشت گردی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے ، ان سے مل کر ہی نمٹا جا سکتا ہے۔ قبل ازیں اسپیکرزکانفرنس کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے ہونے کے ناطے پارلیمنٹرینز ہی حقیقی تبدیلی کے آئینہ دار ہوتے ہیں، مستقل کمیٹی برائے سارک ایسوسی ایشن آف اسپیکرز و پارلیمنٹرینز کے قیام پر اتفاق ہو چکا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ جمہوریت اسی وقت پنپ سکتی ہے جب یہ مشترکہ ہوگی اور جب ریاست میں قانون کی بالادستی ہوگی۔

بھارتی اسپیکر میرا کمار نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں جمہوری ادارے مضبوط ہورہے ہیں، ایک کامیاب جمہوریت کا تصور یہ ہے کہ وہ اپنے عوام کو درپیش چیلنجز اور ان کے مسائل حل کرے، عوام کو فیصلہ سازی میں شریک کرنا ہوگا۔ مالدیپ کے اسپیکر عبداللہ شاہد نے کہا کہ جمہوریت بہترین نظام حکومت ہے ۔ بھارتی لوک سبھا کی رکن پرماجیت کورگلشن نے کہا کہ جمہوریت کی سب سے بڑی کامیابی عوام دوست پالیسیوں کی تشکیل ہے۔ سینیٹرعبدالغفور حیدری نے کہا کہ سارک ممالک کے درمیان آزاد ویزا پالیسی کی ضرورت ہے۔ سارک اسپیکرز کانفرنس آج منگل کو ختم ہوگی، کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائیگا، کانفرنس کے شرکاء کو آج اسلام آباد کے سیاحتی مقامات کی سیر بھی کرائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |