حج پروازوں میں پابندی وقت کا تناسب 95 فیصد پر آگیا

جدہ حج ٹرمینل سے پاکستان کے مختلف شہروں کو ہر 2گھنٹے بعد قومی ایئر لائن کی ایک پرواز


Munawar Ali Khan November 06, 2012
پیر کو شیڈول سے 12منٹ قبل پرواز روانہ ،بعض کمپنیوں کی پروازوں میں 28گھنٹے تاخیر ۔ فوٹو: فائل

جدہ سے پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کے دوران قومی ایئر لائن کی پروازوں میں پابندی وقت کا تناسب95 فیصدپرآ گیا ہے۔

پیر کو پی آئی اے کی11پروازیں بروقت روانہ ہوئیں جبکہ قومی ایئر لائن ہر 2 گھنٹے بعد یہاں سے پاکستان کے مختلف شہروں کیلیے حج پرواز آپریٹ کر رہی ہے۔ پیر کو قومی ایئر لائن کی پرواز شیڈول سے12منٹ قبل ہی روانہ کر دی گئی۔ جدہ حج ٹرمینل سے حجاج کرام کی وطن واپسی کے لیے پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن آٹھویں روز میںداخل ہو گیا ہے۔ جدہ حج ٹرمینل سے اب تک مختلف ممالک کی60فضائی کمپنیوں کی 800پروازیںروانہ ہو چکی ہیں جن میں یومیہ پروازوں کی تعداد، مسافروں اور سامان کی ہینڈلنگ کے طریقہ کار میں مشکلات کے باوجودپی آئی اے کی پروازوں میں روانگی میں تاخیر کا تناسب دیگر فضائی کمپنیوں کے مقابلے میں بہت کم رہا ہے۔ واضح رہے کہ جدہ حج ٹرمینل سے روانہ ہونے والی مجموعی پروازوں میں سب سے زیادہ یومیہ پروازیں پی آئی اے آپریٹ کر رہی ہے۔

جس کی تعداد 11پروازیں یومیہ بتائی جاتی ہے، اس کے مقابلے میں بعض ایئر لائینوں کی یومیہ پروازوں کی تعداد ایک یا2 ہونے کے باوجود ان کی پروازیں غیر معمولی تاخیر کا شکار ہیں۔ جدہ حج ٹرمینل پر بعد از حج آپریشن کے ابتدائی 4 دنوں میں غیر معمولی رش کے سبب تقریباً تمام ایئر لائینوں کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جن میں بعض فضائی کمپنیوں کی پروازوں کی روانگی میں تاخیر 28گھنٹے سے بھی تجاوزکر گئی۔ جدہ حج ٹرمینل سے حج پروازیں چلانے والی بڑی ایئر لائینوں میں پی آئی اے کے علاوہ انڈونیشین ایئر لائن اور ترکش ایئر لائن بھی شامل ہیں جن کی یومیہ پروازوں کی تعداد بالترتیب 9اور 8ہے۔ اطلاعات کے مطابق جدہ حج ٹرمینل سے حج پروازیں آپریٹ کرنے والی ایک افریقی فضائی کمپنی کی پروازوں کی روانگی میں تاخیر کا تناسب 15گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ جبکہ خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والی بعض فضائی کمپنیوں کی پروازیں 6سے 7گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں