پاکستان نے میڈلز کی سنچری مکمل کرلی

10گولڈ، 35 سلوراور55 کانسی کے تمغے ہاتھ آگئے،جوڈو اور باکسنگ میں عمدہ پرفارمنس

10گولڈ، 35 سلور اور55 کانسی کے تمغے ہاتھ آگئے،جوڈو اور باکسنگ میں عمدہ پرفارمنس، بھارت کی واضح برتری کے ساتھ مقابلوںکا آج اختتام فوٹو: فائل

ساؤتھ ایشین گیمزمیں پاکستانی کھلاڑیوں نے میڈلز کی سنچری مکمل کر لی، گذشتہ روز ایتھلیٹس نے مزید16میڈلز حاصل کر کے سبز ہلالی پرچم بلند کیا، 8 تمغے جوڈومیں مردوں اورخواتین کے مقابلوں میں ملے، مینزباکسنگ مقابلوں میں بھی 4سلور میڈلز پاکستان کے حصے میں آئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی واضح برتری کے ساتھ ساؤتھ ایشین گیمز کا اختتام منگل کو ہوگا، تقریب کو یادگار بنانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے، اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں بالی ووڈ فنکار اور گلوکار4500 سے زائد ایتھلیٹس کے سامنے اپنے صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

ادھرگذشتہ روزپاکستانی کھلاڑیوں نے مزید16تمغے حاصل کرکے میڈلزکی سنچری مکمل کی،ایونٹ میں پاکستان اب تک10گولڈ میڈلزسمیت 35 سلور اور 55برانز میڈلز جیت چکا ہے، میڈلز کی دوڑ میں بھارت بدستور پہلے نمبرپرہے جس کے 181 سونے کے تمغوں سمیت298 میڈلز ہیں، چاندی کے87اور کانسی کے 30تمغے بھی میزبان ایتھلیٹس نے حاصل کررکھے ہیں، سری لنکا 181 میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، آئی لینڈرز نے اب تک 25گولڈ، 60 سلور اور 96 برانز میڈلز اپنے سینے پر سجائے۔ بنگلہ دیش کو پچھاڑ کرافغانستان نے چوتھی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔


افغانستان کے مجموعی طور پر 33 میڈلز ہیں تاہم سونے کی تمغوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے بنگلہ دیش کی جگہ چوتھی پوزیشن مل گئی، افغانستان نے اب تک 7 گولڈ، 8 سلور اور 18 برونز میڈلز جیتے ہیں ۔بنگلہ دیش 4 گولڈ میڈلز سمیت مجموعی طور پر70 تمغوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے،چاندی کے14اور کانسی کے 52 تمغے الگ سے ہیں۔نیپال 54 میڈلز کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جس میں 2 سونے، 23 سلور اور 29 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔مالدیپ 2سلور اور ایک برانز میڈلز کے ساتھ ساتویں اور بھوٹان ایک سلور اور15 کانسی کے تمغوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہا۔

گذشتہ روزپاکستان جوڈو کے مقابلوں میں چھایا رہا اورمجموعی طور پر8 میڈلز اپنے نام کیے۔ باکسنگ کے مردوں کے مقابلوں میں بھی 4میڈلز پاکستان کے حصے میں آئے جبکہ مردوں کی کبڈی ٹیم ایونٹ، ہینڈبال اور ٹینس میں بھی تمغے جیتے۔پاکستان نے جوڈوکے مردوں کے 60، 66،73 اور 81 کلوگرام جبکہ خواتین کے ، 48، 52، 57 اور 63کلوگرام مقابلوں میں میڈلز پائے۔ جوڈو خواتین کے48 کلوگرام ایونٹ میں پاکستان نے چاندی کا تمغہ جیتا، باکسنگ میں پاکستان نے مردوں کے49، 52، 60 اور 75 کلوگرام میں چاندی کے تمغے پائے۔ لائٹ فلائی کیٹیگری میں پاکستان کے محب اللہ اور فلائی ویٹ میں سید محمد آصف، حامد علی نے چاندی کے تمغے جیتے۔ مڈل ویٹ کیٹیگری میں پاکستانی باکسر احمد تنویربھی سلور میڈل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

شوٹنگ کے مردوں کے25 میٹرریپڈ فائرپسٹل میں بھی سلور میڈل پاکستان کے حصے میں آیا۔یہ تمغہ پاکستان کے غلام مصطفی بشیر نے حاصل کیا، بھارتی شوٹر کے گرپریت نے سونے اور وجے کمار نے کانسی کے تمغے جیتے، مردوں کے ہینڈ بال ایونٹ فائنل میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 32-31 سے شکست پر چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ ہینڈ بال کے خواتین کے ٹیم ایونٹ اورٹینس کے خواتین کے انفرادی مقابلوں میں بھی پاکستان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
Load Next Story