کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو شکست دیدی

لاہور کی جانب سے کرس گیل نے 60 ، اظہر علی نے 61 اور عمر اکمل نے 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی


ویب ڈیسک February 16, 2016
لاہور کی جانب سے کرس گیل نے 60 ، اظہر علی نے 61 اور عمر اکمل نے 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی- فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپرلیگ کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور کرتے ہوئے کوئٹہ کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں احمد شہزاد اور بسمہ اللہ خان نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور کوئٹہ نے پاور پلے کے 6 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 77 رنز اسکور کیے،کیون پیٹرسن نے 21 گیندوں پر 21 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 34 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ بسمہ اللہ خان نے 23 گیندوں پر 1 چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے پی ایس ایل کی دوسری تیز ترین نصف سنچری اسکور کی وہ 55 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سرفراز احمد اور سنگاکارا نے چوتھی وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت داری قائم کی، سرفراز 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سنگاکارا 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کوئٹہ کو آخری اوور میں جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے جب کہ محمد نبی اور ذوالفقار بابر وکٹ پر موجود تھے، محمد نبی نے 12 گیندوں پر 30 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے احسان عادل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ براؤ 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، لاہورنے مقررہ 20 اوورز میں پی ایس ایل کا سب سے بڑا اسکور کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز اسکور کیے، کرس گیل اور کپتان اظہر علی نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور 6 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 61 رنز بنائےجب کہ اوپننگ کے لیے 108 رنز کی شراکت داری قائم کی جس میں کرس گیل کے بلند وبالا 6 چھکے بھی شامل ہیں، گیل نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی نصف سنچری 28 گیندوں پر اسکور کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی اور اظہر علی نے بھی 45 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے عمر اکمل نے بھی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ففٹی مکمل کی، عمر اکمل 55 اور ڈیرن براؤ 20 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں