کراچی کے مختلف علاقوں سے اہم طالبان کمانڈروں سمیت 4 ملزمان گرفتار سی ٹی ڈی

2 ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سجنا گروپ سے ہے جو قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ایس ایس پی عامر فاروقی


ویب ڈیسک February 16, 2016
سول لائن سے سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، فوٹو؛فائل

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تحریک طالبان سجنا گروپ کے اہم کمانڈر سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں سے 2 کا تعلق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی نے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سجنا گروپ کے اہم کمانڈر حنیف اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا جب کہ سول لائن میں کارروائی کے دوران سیاسی جماعت کے 2 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی عامر فاروقی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزم حنیف اور اس کے ساتھی کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سجنا گروپ سے ہے، ملزم حنیف 2002 میں سجنا گروپ میں شامل ہوا اور اس نے 2006 میں قبائلی علاقے میں ایف سی کے 12 اور اسی سال ڈشکہ کے علاقے میں 6 اہلکاروں کو شہید کیا۔ ایس ایس پی کے مطابق 2006 میں ہی کراچی آیا اور شہر میں ہونے والے قتل ، اغوا ، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث رہا، ملزم نے زیارت میں بھی ایف سی کے چار اہلکاروں کو شہید کیا تھا جب کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔

عامر فاروقی نے بتایا کہ سول لائن سے گرفتار کیے گئے دیگر 2 ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے ہے جن میں عمران عرف کمانڈر کا تعلق کراچی کے علاقے رنچھو لائن یونٹ 34 سے ہے جب کہ دونوں ملزمان ٹارگٹ کلرز ہیں اور متعدد واردوتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔